بطوربیٹنگ مشیرمیانداد کی تقرری پرانگلیاں اٹھنے لگیں 

4 ،5 روز کیلیے سری لنکا بھیجنا غلط ہے،عظیم بیٹسمین کا نام ہی بدنام ہوگا، سرفراز نواز

4 ،5 روز کیلیے سری لنکا بھیجنا غلط ہے،عظیم بیٹسمین کا نام ہی بدنام ہوگا( سرفراز نواز)خالدمحمودنے بھی فیصلے کو غلط قراردیدیا. فوٹو: فائل

بطور بیٹنگ مشیر جاوید میانداد کی تقرری پر انگلیاں اٹھنے لگیں۔

سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر سرفراز نواز بھی اس فیصلے کو درست نہیں سمجھتے، میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ میں شریک قومی کرکٹرز کو مشورے دینے کے سلسلے میں میانداد کو 4 ،5 روز کیلیے سری لنکا بھیجنا غلط ہے، اس سے عظیم بیٹسمین کا نام ہی بدنام ہوگا، انھیں دورے پر نہیں جانا چاہیے تھا،اگر بورڈ کو ان سے کوچنگ کرانی ہے تو اکیڈمی میں کھلاڑیوں کے پاس بھیجا جائے۔


انھوں نے کہا کہ اگر ٹیم میگا ایونٹ کا فائنل کھیلنا چاہتی ہے تو ایک بیٹنگ آرڈر ترتیب دینا ہوگا، بار بار کی تبدیلیوں سے منفی اثرات پڑتے ہیں۔ انھوں نے قومی ٹیم میں سفارشی پلیئرز کی شمولیت کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ عمران نذیر لوکل ایونٹس کا کھلاڑی اورصرف ڈومیسٹک ٹی 20 ایونٹس ہی میں اچھا کھیل سکتا ہے،12 برس سے ٹیم میں باقاعدہ جگہ نہ بنانے والے پلیئرز کو ایک اور موقع دینا بے جواز ہے۔

اسی طرح عبدالرزاق کو میں نے آسٹریلیا کیخلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی کے دوران ایکشن میں دیکھا وہ فیلڈنگ کیلیے جھک تک نہیں سکا ، شعیب ملک کی فارم بھی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کیلیے مناسب نہیں ہے، ٹیم میں جو سفارشی کلچر اور سیاسی کھیل شروع ہوگیا وہ پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے حوالے سے بہت نقصان دہ ہے۔دریں اثنا سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود نے بھی میانداد کی تقرری کو غلط فیصلہ قرار دیتے ہوئے ٹیم میں کوچ ڈیوواٹمور کے کردار پر سوال اٹھایا ہے۔
Load Next Story