ورلڈکپ فیورٹ کے ٹیگ نے ویسٹ انڈیز کو محتاط کردیا

مختصر فارمیٹ کے انتہائی ماہر پلیئرز کی موجودگی سے ٹیم شائقین کی توجہ کا مرکز


AFP September 13, 2012
مختصر فارمیٹ کے انتہائی ماہر پلیئرز کی موجودگی سے ٹیم شائقین کی توجہ کا مرکز. فوٹو فائل

ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ فیورٹ کے ٹیگ نے ویسٹ انڈیز کو محتاط کردیا۔

کیریبیئن سائیڈ مختصر فارمیٹ کے انتہائی ماہر پلیئرز کی موجودگی سے شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئی، کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ فیورٹ ہونا فائنل کھیلنے کی گارنٹی نہیں، فیلڈ میں محنت سے ٹائٹل حاصل ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کو ٹوئنٹی 20 فارمیٹ کے بہترین کھلاڑیوں کی موجودگی کے باعث ورلڈ کپ کیلیے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے تاہم اسی ٹیگ نے کیریبیئن سائیڈ کو زیادہ محتاط کردیا، کپتان ڈیرن سیمی کو بھی اضافی دبائو کا اچھی طرح احساس اور جانتے ہیں کہ اس سے فیلڈ میں کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ایونٹ فیورٹ ہونے کا ٹیگ آپ کو فائنل میں جگہ کی ضمانت نہیں دے سکتا،ہمیں فیلڈ میں اچھی کرکٹ کھیلنا ہوتی ہے، کاغذوں پر تو ہم بہترین ٹیم ہوسکتے ہیں مگرکامیابی کیلیے اپنی تمام توانائیاں صرف کرنا اور تمام ذرائع بروئے کار لانا ہوںگے۔

ویسٹ انڈیز کو کافی عرصے بعد کسی آئی سی سی ایونٹ کیلیے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے اس کی بڑی وجہ ٹیم میں خطرناک آف اسپنر سنیل نارائن، اسٹار بیٹسمین کرس گیل، کیرون پولارڈ اور ڈیوائن براوو کی موجودگی ہے۔ 1970 اور 1980 کی دہائی میں ویسٹ انڈیز نے اپنے فاسٹ بولرز اور جارحانہ بیٹسمینوں کی بدولت دنیائے کرکٹ پر راج کیا مگر پھر کرکٹ اندرونی انتشار کا شکار ہوگئی اور سیاست و دیگر وجوہات سے زوال پذیر ہونے لگی۔

کیریبیئن نوجوان اب باسکٹ بال اور بیس بال جیسے امریکی کھیلوں کو زیادہ پسند کرنے لگے ہیں، جس کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کیلیے اینڈی روبرٹ، میلکم مارشل، مائیکل ہولڈنگ ، کلائیو لائیڈ اور ویوین رچرڈز کے جانشین ڈھونڈنا مشکل ہوچکا، مگر ٹوئنٹی 20 فارمیٹ کے ماہرین کی موجودگی کے باعث اس بار ویسٹ انڈیز کے پاس 2004 کی چیمپئنز ٹرافی کے بعد آئی سی سی ایونٹ جیتنے کا سنہری موقع موجود ہے۔ کیریبیئن سائیڈ آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے ساتھ گروپ بی میں موجود ہے، اس کا پہلا مقابلہ کینگروز سے کولمبو میں 22 ستمبر کو ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں