سینیٹ نجکاری کنٹریکٹ ملازمین فارغ کرنے پر اپوزیشن کا احتجاج

ادارے اونے پونے بیچے جارہے ہیں،برطرفی سے بیروزگاری بڑھے گی،ربانی،متحدہ نے بھی ساتھ دیا

نامکمل جواب پرچیئرمین برہم، نیواسلام آبادایئرپورٹ میں گھپلے ہوئے،احسن،اجلاس ملتوی۔ فوٹو: فائل

سینیٹ میں اپوزیشن نے حکومت کی نجکاری پالیسی اور سرکاری ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے کے فیصلے کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔


جمعرات کو پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر رضاربانی نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ 3 ماہ گزر گئے ، اسٹیل ملز کے ملازمین کو تنخواہ نہیں ملی، قومی اداروں کو اونے پونے داموں بیچا جارہا ہے ، اب ایک سرکلر جاری کیا گیا ہے کہ کنٹریکٹ ملازمین کو دوبارہ کنٹریکٹ نہیں دیا جائے گا، عارضی ملازمین فارغ کرنے سے بیروز گاری بڑھے گی، اس کے ساتھ ہی اپوزیشن ارکان واک آئوٹ کرگئے ، ایم کیوایم نے بھی ان کا ساتھ دیا ، بعد میں پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے واپس آکر کورم کی نشاندہی کردی، گنتی کرنے پر ارکان کی تعداد کم نکلنے پر چیئرمین نے اجلاس آج ( جمعے کو) صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کردیا۔ اجلاس 45 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا اور صرف سوا گھنٹے ہی جاری رہ سکا۔ قبل ازیں وقفہ سوالات کے دوران نجکاری کمیشن سے متعلق سوال کا مکمل جواب نہ ملنے پر چیئرمین نیر بخاری نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ارکان کو مکمل جواب نہیں ملے گا تو وہ ضمنی سوال کیسے کر سکیں گے۔

انھوں نے متنبہ کیا کہ وزرا نے رویہ تبدیل نہیں کیا تو سیکریٹری سینیٹ کو بلا کر بات کی جا سکتی ہے۔ اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن نے کہا کہ بیورو کریسی فائلیں تیار کرتی ہے، چاہے مکمل ہوں یا نہ ہوں وزرا اس پر دستخط کر دیتے ہیں۔ وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ اتصالات پر ابھی تک 80 کروڑ ڈالر واجب الادا ہیں، امید ہے رواں سال یہ مسئلہ حل ہو جائیگا، رواں سال کھاد کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، 2 سال میں یوریا کی درآمد مکمل طور پر ختم ہو جائے گی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے بتایا کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی تعمیر میں بڑے پیمانے پر گھپلے ہوئے، لاگت کئی گنا بڑھ گئی ہے، سول سروس کے شعبے میں اصلاحات لائیں گے۔ وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے وضاحت کی کہ آزاد کشمیرکے ضمنی الیکشن میں پولنگ پر امن رہی، پی ایس ایف کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص جاں بحق ہوا، واقعے کی عدالتی تحقیقات کا حکم دیدیا گیاہے۔
Load Next Story