شان مسعود جاتے ہی کاؤنٹی چیمپئن شپ میں چھاگئے

نامی گرامی بیٹرز کو پیچھے چھوڑ دیا، 2 ڈبل سنچریوں سے مزین 611 رنزبنا لیے


Sports Desk April 28, 2022
بولرز میں صرف 2 میچز کھیل کر 14 شکارکرنے والے حسن علی کی تیسری پوزیشن فوٹو: پی سی بی

شان مسعود جاتے ہی کاؤنٹی چیمپئن شپ میں چھاگئے جب کہ ابتدائی 3 میچز میں نامی گرامی بیٹرز کو پیچھے چھوڑ دیا۔

پاکستانی اوپننگ بیٹر شان مسعود کو اپنے دوسرے وطن انگلینڈ کی کنڈیشنز خوب راس آرہی ہیں، وہ وہاں پر جاتے ہی چھا گئے، ڈربی شائر کی جانب سے صرف 2 میچز میں انھوں نے 152.72 کی اوسط سے 611 رنز اسکور کردیے، اس دوران شان نے 2 ڈبل سنچریاں اور 2 ففٹیز بنائیں، اس کا اب تک سب سے بہتر اسکور 239 رنز رہا۔

اس فہرست میں دوسرے نمبر پر موجودسسیکس کے ٹی جے ہینز نے 3 میچز میں 393 رنز اسکور کیے ہیں، سسیکس کی ہی نمائندگی کرنے والے بھارت کے چتیشور پجارا نے 2 میچز میں 328 رنز بنائے، انھوں نے ایک ناقابل شکست ڈبل سنچری بھی اسکور کی۔ دوسری جانب بولنگ کے محاذ پر ایک اور پاکستانی حسن علی بھی صلاحیتوں کے خوب جوہر دکھا رہے ہیں۔

انھوں نے لنکاشائر کی جانب سے گلوسٹرشائر کے خلاف گزشتہ میچ میں 44.1 اوورز کے دوران 96 رنز دے کر 9 وکٹیں لیں، اب تک 2 میچز میں وہ 14 شکار کے ساتھ فہرست میں چوتھے نمبر پر براجمان ہیں، ٹاپ پر موجود سمرسٹ کے کریگ اوورٹن نے 2 میچز میں 16 وکٹیں لی ہیں، ہیمپشائر کے بارکیر نے 15 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انھوں نے 3 میچز کھیلے، سرے کے جو کلارک بھی 3 ہی میچز میں 15 وکٹیں لے کر تیسرے نمبر پر موجود ہیں، اتنے ہی مقابلوں میں 14 وکٹیں لینے والے پیٹرسڈل کا پانچواں نمبر ہے۔

پاکستان کے محمد عباس 3 میچز میں 10 شکار کے ساتھ 11ویں نمبر پر موجود ہیں، ان کے بعد ظفر گوہر ہیں، انھوں نے گلوسٹرشائر کی جانب سے 3 میچز میں 10 وکٹیں لیں۔ یارکشائر کی نمائندگی کرنے والے حارث رؤف نے 2 میچز میں اب تک 9 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں