سری لنکا کیخلاف سیریز قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا شیڈول جاری

تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 24 مئی سے کراچی میں کھیلی جائے گی


Sports Reporter April 28, 2022
کیمپ میں 26 کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 7 مئی سے کراچی میں شروع ہوگا۔

حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں 18 مئی تک جاری رہنے والے کیمپ میں 26 کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے۔

عالیہ ریاض، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ اور فاطمہ ثناء تربیتی کیمپ کا حصہ نہیں ہوں گی، یہ چاروں کرکٹرز 17 مئی سے اسکواڈ کو جوائن کریں گی۔ ان کھلاڑیوں کی تاخیر سے اسکواڈ کو جوائن کرنے کی وجہ دبئی میں ان کا ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں مصروف ہونا ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کی خواتین ٹیموں کے مابین تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز 24 مئی سے کراچی میں کھیلی جائے گی۔

کیمپ میں ایمن انور، انعم امین، انوشہ ناصر، عائشہ بلال، عائشہ نسیم، عائشہ ظفر، غلام فاطمہ، گلِ فیروزہ، ارم جاوید، کائنات امتیاز، منیبہ علی صدیقی، نجیہ علوی، نتالیہ پرویز، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سدرہ نواز، تسمیہ رباب، طوبہٰ حسن، امِ ہانی، وحیدہ اختر اور یسرا عامر کو طلب کیا گیا ہے۔

شیڈول کے تحت 19 مئی کو سری لنکن ٹیم کراچی پہنچ جائے گی جس کے بعد 21 تا 23 مئی تک ٹریننگ سیشن ہوگا۔

پہلا ٹی ٹوئنٹی 24 مئی، دوسرا 26 مئی اور تیسرا 28 مئی کو کھیلا جائے گا جبکہ پہلا ون ڈے یکم جون، دوسرا میچ 3 جون اور تیسرا میچ 5 جون کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں