’پرانے پاکستان میں خوش آمدید‘ بڑھتی لوڈشیڈنگ پر مایا علی کی حکومت پر تنقید

لائٹ نہیں ہے لوڈ شیڈنگ اپنے عروج پر ہے زندگی ایک بار پھر اجیرن ہوگئی ہے، مایا علی

24 گھنٹوں میں سے ہمیں کام کرنے کے لیے صرف 10 گھنٹے بجلی مل رہی ہے فوٹوفائل

اداکارہ مایا علی ملک میں بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شدید برہم ہوگئیں اور انہوں نے حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے ''پرانے پاکستان میں خوش آمدید''۔

ملک میں بجلی کی قلت کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے رمضان المبارک میں شدید گرمی نے لوگوں کا جینا محال کردیا ہے۔ لوڈشیڈنگ سے عام لوگوں کے ساتھ فنکار بھی متاثر ہوئے ہیں۔

اداکارہ مایا علی نے شدید گرمی میں ملک بھر میں ہونے والی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے موجودہ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ گزشتہ روز مایا علی نے اپنی انسٹااسٹوری پر اندھیرے میں ٹمٹماتی ہوئی موم بتی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ''جب یو پی ایس چارج کرنے کے لیے کافی بجلی نہ ہو''۔




اداکارہ مایا علی نے ایک اور اسٹوری میں موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا ''پرانے پاکستان میں خوش آمدید جہاں لائٹ نہیں، لوڈ شیڈنگ اپنے عروج پر ہے، زندگی ایک بار پھر اجیرن ہوگئی ہے۔

مایا علی نے مزید لکھا 24 گھنٹوں میں سے ہمیں کام کرنے کے لیے صرف 10 گھنٹے بجلی مل رہی ہے اور خاص طور پر آج کی رات ، ایسی بابرکت رات جب سب لوگ عبادت کررہے ہوں گے، اتنی لوڈ شیڈنگ ہے، بہت خوب''۔



واضح رہے کہ گزشتہ رات رمضان المبارک کی ستائیسویں شب تھی۔ یہ رات رمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سب سے افضل رات ہے۔ اس رات میں عبادت کرنے کی بہت فضیلت اور تاکید آئی ہے۔ قرآن مجید میں اس رات کی عبادت کو ہزار مہینوں سے بہتر قرار دیا گیا ہے۔

رمضان المبارک کی ستائیسویں شب فرزندان اسلام رات بھر مساجد میں اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہوکر نوافل، قرآن پاک کی تلاوت و دیگر عبادت میں مصروف رہتے ہیں اور رب العزت سے اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہیں۔
Load Next Story