مسجد نبوی ﷺ واقعے پر عمران خان کا جو مکروہ چہرہ سامنے آیا وہی انکی سب سے بڑی سزا ہے مریم نواز

حکومت کے ایکشن نہ لینے پر غصے میں بھرے سینکڑوں پیغامات موصول ہوئے ہیں، مریم نواز

مسجد نبوی میں پیش آئے واقعے پر مریم نواز کا ردعمل۔ فوٹو : فائل

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسجد نبوی واقعے پر عمران خان کا جو مکروہ چہرہ سامنے آیا وہی انکی سب سے بڑی سزا ہے۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹویٹر پر مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ روز حرمِ پاک مدینہ منوّرہ میں پی ٹی آئی کی قیادت کی سرپرستی میں ہونے والی بے ادبی سے نبی صلی اللّہ علیہ وسلم سے محبت کرنے والے تڑپ کر رہ گئے۔


انہوں نے کہا کہ مجھے غصے میں بھرے سینکڑوں پیغامات موصول ہوئے کہ حکومت ایکشن کیوں نہیں لے رہی، حکومت کا ایکشن سیاسی انتقام تصور ہوگا اور یہ معاملہ سیاسی نہیں ہے۔

ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان اور اسکے ساتھیوں نے جس طرح مذہب کو سیاست کے لیے استعمال کیا، انکے چہرے سے کل قدرت نے اس نقاب کو اتار پھینکا۔ نقاب اترنے کے بعد انکا جو مکروہ چہرہ سامنے آیا ہے، وہی انکی سب سے بڑی سزا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ مسجدِ نبوی صلی اللّہ علیہ وسلم کے احاطے میں مریم اورنگزیب کو گالی دی گئی، اس سے بڑی بدبختی کیا ہو سکتی ہے کہ مغفرت کی راتوں میں، دنیا کی پاک ترین جگہ پر، پاک ترین ہستی کے در پر رحمتیں اور مغفرت سمیٹنے کی بجائے انسان دونوں جہانوں کی ذلتیں سمیٹ آئے۔
Load Next Story