شریف فیملی کیخلاف ہم نے اپنی زبان سے جہاد کرنا ہے عمران خان

عمران خان کا شریف فیملی کی کرپشن پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان


ویب ڈیسک April 29, 2022
عمران خان کا شریف فیملی کی کرپشن پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان (فائل : فوٹو)

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شریف فیملی کیخلاف ہم نے اپنی زبان سے جہاد کرنا ہے۔

عمران خان نے ملتان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آپ کو اسلام آباد کی کال دینی ہے، جو بیرونی سازش اس ملک کے میر جعفر اور میر صادق کے ساتھ ہم پر مسلط کی گئی ،ہم نے اسے ناکام کرنا ہے، چیلنج کرتا ہوں اسلام آباد میں 20لاکھ لوگوں کو لائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ حقیقی آزادی کی تحریک میں آپ نے بچے بچے کو تیار کرنا ہے، یہ ہماری سب سے اہم ترین تحریک ہوگی، چوروں کا ٹولہ ہم پر مسلط کیا گیا، تھری اسٹوجز ہم پر مسلط نہیں ہو سکتے، ہم نے ملک میں الیکشن کرانے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف پر 40ارب روپے کے کیسز ہیں، انکی کرپشن پر وائٹ پیپر عوام کے سامنے پیش کروں گا، جس کا پیسہ ملک سے باہر کھڑا ہو وہ کبھی بھی باہر کے سامراج کے سامنے کھڑا نہیں ہوگا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ یہ مافیا لوگوں کی کردار کشی کرتے ہیں لوگوں کو ڈراتے دھمکاتے ہیں، انہوں نے ایک خاتون کو پیسے دے کر 2018 میں کتاب لکھوائی، عید کے بعد پھر یہ اسی طرح کی حرکت کرنے جا رہے ہیں اور پھر یہ میری کردار کشی کرنے کی کوشش کریں گے، میں جب تک زندہ ہوں میں انکا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا، ہم زبان سے ان کے خلاف جہاد کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں