عید کے دوران خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات میں سہولیات کی فراہمی کیلیے انتظامات مکمل

پیٹرول اور ڈیزل کی دستیابی کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں


ویب ڈیسک April 29, 2022
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔

خیبر پختونخوا کی حکومت نے عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران سیاحتی مقامات میں سہولیات کی فراہمی کے لیے انتظامات مکمل کر لیے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں ڈویژنل انتظامیہ ہزارہ اور ملاکنڈ کی جانب سے عید کی چھٹیوں کے دوران انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

عید الفطر کی تعطیلات کے دوران سیاحتی اضلاع میں انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، تحصیل میونسپل انتظامیہ، طبی مراکز سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن میں عید کی چھٹیوں کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کے علاوہ اشیائے خورونوش کی وافر مقدار میں دستیابی کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جبکہ سیاحتی مقامات میں سیاحوں کو معلومات اور سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی ہیلپ لائنز قائم کی جائیں گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کنٹرول رومز قائم کیے جا رہے ہیں جن میں تمام اداروں اور محکموں کے اہلکار ہمہ وقت موجود ہوں گے جبکہ سیاحتی مقامات میں ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہونے والی سڑکوں کی فوری بحالی کے لیے مشینری موجود ہوگی۔

عید الفطر پر صوبہ بھر میں ریسکیو 1122 اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں، عید کی چھٹیوں پر صوبہ بھر کے تمام ریسکیو اسٹیشنز کھلے رہیں گے اور اہلکار اسٹیشنز پر موجود ہوں گے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ہدایت کی ہے کہ گذشتہ سال چند مقامات پر سیاحوں کے ساتھ پیش آنے والے جیسے ناخوشگوار واقعات کسی صورت رونما نہیں ہونے چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع کے انٹری پوائنٹس پر سیاحوں کے لیے معلوماتی بینرز آویزاں کیے جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |