پارلیمنٹ لاجز میں غیر اخلاقی سرگرمیوں کے الزامات بے بنیاد ہیں وزیر داخلہ چوہدری نثار

پارلیمنٹ لاجز میں اراکین اسمبلی کی رہائش گاہیں ہیں، وہاں معزز اور قابل احترام مائیں بہنیں رہتی ہیں، وزیرداخلہ

اگر یہ تمام الزامات درست ہوئے تو میں جمشید دستی کا ساتھ دوں گا،چوہدری نثار فوٹو؛فائل

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ جمشید دستی کی جانب سے پارلیمنٹ لاجز میں غیر اخلاقی سرگرمیوں کے لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ مجھے ان الزامات پر بہت افسوس ہوا ہے، پارلیمنٹ لاجز میں اراکین اسمبلی کی رہائش گاہیں ہیں وہاں معزز اور قابل احترام مائیں بہنیں اور بچے رہتے ہیں، اس صورتحال میں اس طرح کے الزامات لگائے جائیں گے تو دنیا کو کیا پیغام جائے گا۔ میں اللہ تعالیٰ کے سامنے جواب دہ ہوں اگر مجھے کوئی ایسی رپورٹ ملتی تو آپ کے سامنے پیش کرتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ میں لاجز میں ایسی کوئی سرگرمی ہوئی ہے تو میں جمشید دستی کے ساتھ بیٹھنے کے لئے تیار ہوں، وہ تاریخ اور ان لوگوں کی نشاندہی کریں ہم سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے اس کی تحقیقات کریں گے۔


چوہدری نثار نے کہا کہ پارلیمنٹ کے داخلی اور خارجی راستوں پر 23 کیمرے نصب ہیں جب کہ ایم این اے اور سینیٹرز کے علاوہ تمام گاڑیوں کی تفصیل سے چیکنگ کی جاتی ہے لہذا وہاں اس طرح کی سرگرمیاں ہونا ممکن نہیں اس حوالے سے لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خدا کے لئے آئندہ الزامات لگانے سے پہلے اس بات کا تعین کیا جائے کہ جو کہا جارہا ہے وہ صیح ہے یا نہیں، اگر یہ سب الزامات درست ہوئے تو میں جمشید دستی کا ساتھ دوں گا۔

اس سے قبل چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میری وزارت نے تمام فورسز کے لیے شہدا پیکج قائم کرنے کا فیصلہ کیا، پیکج میں ان شہدا کے لواحقین کو بھی شامل کیا جائے گا جنھیں 2 سال سے معاوضہ نہیں ملا، سال 2012 میں شہید ہونے والے ایف سی اہل کاروں کے لواحقین کو ابھی تک معاوضہ نہیں ملا جو بہت بڑی زیادتی کی بات ہے، ہمارے تحفظ کے لیے سینہ تان کر لڑنے اورشہید ہونے والوں کےساتھ ایسا ہو رہا ہے۔
Load Next Story