مسجد نبوی کے تقدس کی پامالی پر شیخ رشید کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر

شیخ رشید نے مسجد نبوی کے تقدس کی پامالی کی منصوبہ بندی کی اور شرپسندوں کو ایسا کرنے پر اکسایا، درخواست

پولیس کی جانب سے مقدمہ درج نہ کرنے پر عدالت سے رجوع کیا گیا، درخواست گزار فوٹوفائل

PARIS:
مسجد نبوی کے تقدس کی پامالی پر سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کردی گئی۔

شہری حافظ احتشام نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں مقدمہ اندراج کی درخواست دائر کی۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف اندراج مقدمہ کی دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی۔


درخواست گزار نے کہا پولیس کی جانب سے مقدمہ درج نہ کرنے پر عدالت سے رجوع کیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شیخ رشید نے مسجد نبوی کے تقدس کی پامالی کی منصوبہ بندی کی اور شرپسندوں کو ایسا کرنے پر اکسایا۔ پولیس کو مقدمہ اندراج کی درخواست دی جس پر کوئی کارروائی نہ کی گئی۔

درخواست گزار نے کہا وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ کے ساتھ عمرہ ادائیگی کا اعلان کیا، شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں کہا جہاں بھی جائیں گے عوام انہیں ''چور'' کہیں گی۔ ''حرم شریف'' میں بھی لوگ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی کابینہ کو ''چور چور'' کہیں گے۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ 28 اپریل کو مدینہ میں سیاسی نعرے بازی کا مرکزی کردار شیخ رشید ہے، شیخ رشید احمد نے ہجوم کو اس طرح کی ذلت آمیز حرکت کرنے پر اکسایا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔ درخواست میں ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 14 مئی تک جواب طلب کر لیا۔
Load Next Story