اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید

یحییٰ کا قتل اسرائیلی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی کا نتیجہ ہے، فلسطینی وزارت خارجہ

یحییٰ کی نماز جنازہ میں شرکاء نے اسرائیلی قبضے اور مسجد اقصیٰ پر حالیہ چھاپوں کے خلاف نعرے لگائے

مقبوضہ مغربی کنارے کے قصبے قلقلیہ کے قریب ایک فلسطینی اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہوگیا۔

عرب نیوز نے فلسطینی وزارت صحت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہفتے کی صبح مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 27 سالہ یحییٰ علی عدوان شہید ہوگیا ہے۔


وزارت نے بتایا کہ یحییٰ علی عدوان کو سینے میں گولی اس وقت لگی جب وہ اور دیگر فلسطینی اسرائیلی فوجیوں کا مقابلہ کر رہے تھے جنہوں نے قلقیلیہ کے قریب عزون نامی علاقے پر حملہ کیا۔

فلسطینی سرکاری میڈیا نے بتایا کہ یحییٰ کی نماز جنازہ میں شرکاء نے مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے اور مقبوضہ مشرقی یروشلم میں مسجد اقصیٰ کے احاطے پر حالیہ چھاپوں کے خلاف نعرے بھی لگائے۔

فلسطینی وزارت خارجہ کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ یحییٰ کا قتل مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی کا نتیجہ ہے۔
Load Next Story