ویمن لیگ پی ایس ایل کی مقبولیت سے فائدہ اٹھایا جائیگا

4ٹیموں پر مشتمل ایونٹ مارچ میں شیڈول، ویمنزمیچ سہ پہر،مینز کا رات کوہوگا

غیر ملکی کرکٹرز کی بڑی تعداد نے ایونٹ کا حصہ بننے پر آمادگی ظاہر کردی۔ فوٹو : فائل

کراچی:
ویمن کرکٹ کو فروغ دینے کیلیے پی ایس ایل کی مقبولیت سے فائدہ اٹھایا جائے گا جب کہ مارچ میں4ٹیموں پر مشتمل لیگ کیلیے پی سی بی نے پروپوزل تیار کرلی۔

پی سی بی پی ایس ایل کی طرز پر خواتین کی لیگ کرانے کا اعلان کرچکا ہے، ذرائع کے مطابق اس کی پروپوزل بھی تیار کرلی گئی،ممکنہ شیڈول کے مطابق ملکی اور غیر ملکی خواتین کرکٹرز پر مشتمل لیگ مارچ میں شروع ہوگی،4ٹیموں ںپر مشتمل ایونٹ میں سنگل لیگ کی بنیاد پر میچ کھیلے جائیں گے۔

ملک میں ویمن کرکٹ کے فروغ کیلیے یہ 7میچز پی ایس ایل کے ساتھ ہی شیڈول کرنے کی تیاری کرلی گئی،ایک ہی اسٹیڈیم میں ویمنز میچ سہ پہر اور مینز کا رات کو کھیلا جائے گا،یوں براڈ کاسٹنگ اور انفرا اسٹرکچر الگ سے درکار نہیں ہوگا، پی ایس ایل میچز کے ساتھ خواتین کے مقابلوں کو بھی توجہ مل جائے گی۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی بات چیت میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ سمیت کئی ملکوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کرکٹرز نے پاکستان آکر ایونٹ کا حصہ بننے پر آمادگی ظاہر کردی۔

بعد ازاں اجازت کیلیے ان کے بورڈز سے بھی رابطہ کیا جائے گا،ہر ٹیم میں 4 غیرملکی کرکٹرز کو شامل کیا جائے گا، ایک انڈر 19مقامی کرکٹر کو بھی رکھنے کا فیصلہ ہو گیا تاکہ پلیئرز پول بڑھانے میں معاونت حاصل ہوسکے، مجوزہ پلان کے حوالے سے پی ایس ایل فرنچائزز کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔

 
Load Next Story