چین میں کورونا پھر سر اُٹھانے لگا ایک دن میں 38 ہلاکتیں

چین کے تجارتی شہر شنگھائی میں کورونا لاک ڈاؤن کے باعث کئی ہفتوں سے کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہیں

کورونا کیسز میں چند ہفتوں سے ہوشربا اضافہ ہوا ہے، فوٹو: فائل

کراچی:
چین میں ہلاکت خیز کورونا ایک بار پھر زور پکڑنے لگا اور سب سے برے حالات تجارتی شہر شنگھائی کے ہیں جہاں مہلک وائرس سے ایک دن میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 38 ہوگئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے مشرقی تجارتی مرکز شنگھائی میں کورونا کے نئے کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے اور مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے۔

شنگھائی میں تمام تر احتیاطوں اور کورونا ویکسین کی تیز رفتار مہم کے باوجود دو روز قبل 47 افراد کورونا سے ہلاک ہوگئے تھے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں مختلف وارڈز میں داخل کورونا کے 38 مریض جان کی بازی ہار گئے۔


اسی طرح شنگھائی میں گزشتہ روز 7 ہزار 84 کورونا کے نئے کیسز سامنے آئے جب کہ دو روز قبل بھی کرونا ٹیسٹنگ کے دوران پورے دن میں 8 ہزار 932 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔

چین میں تجارتی سرگرمیوں کے مرکز شنگھائی میں کئی ہفتوں سے کورونا لاک ڈاؤن کے باعث اس وقت ہو کا عالم ہے اور کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ گئی ہے۔ چین کے مزید دو شہروں میں بھی کورونا کے نئے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس سب سے پہلے چین میں ہی دسمبر 2019 میں سامنے آیا تھا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ وائرس پوری دنیا میں پھیل گیا تھا تاہم چین ہی وہ ملک تھا جس نے سب سے پہلے اس وبا پر قابو بھی پالیا تھا۔

 
Load Next Story