ریاستی اداروں کیخلاف اکسانے پر شہری کی عمران خان پر مقدمے کی درخواست

عمران خان اپنی تقاریر میں نامناسب زبان کا استعمال کرتے ہیں، ریاست کے خلاف فتنہ پھیلایا جارہا ہے، درخواست گزار

شہری نے کراچی کے عزیز بھٹی تھانے میں عمران خان کیخلاف درخواست جمع کرا دی (فوٹو، فائل)

ریاستی اداروں کے خلاف عوام کو اکسانے پر سابق وزیراعظم عمران خان، سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور دیگر کے خلاف مقدمے کے لیے کراچی کے عزیز بھٹی تھانے میں شہری نے درخواست جمع کرا دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق درخواست میں کہا گیا ہے کہ مذہبی دل آزاری اور ریاستی اداروں کے خلاف لوگوں کو بغاوت کے لیے اکسانے پر عمران خان اور شیخ رشید سمیت دیگر پر مقدمہ درج کیا جائے، 27 اپریل کو تحریک انصاف کے ورکرز سے خطاب نجی ٹی وی پر براہ راست نشر کیا جارہا تھا، خطاب کے دوران عمران خان نے گستاخانہ کلمات ادا کیے۔


درخواست کے متن میں لکھا ہے کہ عمران خان اس سے قبل بھی ایسے الفاظ کا استعمال کرچکے ہیں، ریاست کے خلاف فتنہ پھیلایا جارہا ہے جس کی وجہ سے منصوبہ بندی کے تحت مسجد نبویؐ میں عمران خان کے پیروکاروں نے مسجد نبویؐ کی حرمت کو نہ صرف پامال کیا بلکہ ہلڑ بازی اور غیر مناسب الفاظ ادا کیے گئے جس سے مجھ سمیت پورے پاکستان میں رہنے والے شہریوں کی بحیثیت مسلمان دل آزاری ہوئی ہے، پاکستان کے قانون اور اخلاقیات کی خلاف ورزی کھلم کھلا کی گئی۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ لوگوں کو بغاوت کی طرف اکسایا جارہا ہے جس کی بیشتر ویڈیوز اور بیانات موجود ہیں، ماضی میں یہ سب ہوچکا ہے، عمران خان و دیگر کے خلاف مذہبی دل آزاری اور ریاستی اداروں کے خلاف لوگوں کو بغاوت کے لیے اکسانے پر مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

دوسری جانب پاکستان سنی موومنٹ کے رہنما سید شاہ سراج الحق قادری نے بھی عمران خان کے خلاف مقدمے کے لیے نیو ٹاؤن تھانے میں درخواست جمع کرا دی، پولیس حکام نے درخواست وصول کرلی ہے۔
Load Next Story