مالک مکان کی ہٹ دھرمی لالچ اورمجرمانہ غفلت کے باعث 17 سالہ نوجوان ابدی نیند سوگیا

ڈیفنس میں واقع پرانے اور خستہ حال مکان کے کمرے کی چھت کا پلاسٹر گرنے سے کمرے میں بیڈ پر سویا نوجوان جاں بحق


Staff Reporter May 02, 2022
ڈیفنس میں واقع پرانے اور خستہ حال مکان کے کمرے کی چھت کا پلاسٹر گرنے سے کمرے میں بیڈ پر سویا نوجوان جاں بحق

مالک مکان کی ہٹ دھرمی ،لالچ اورمجرمانہ غفلت کے باعث 17 سالہ نوجوان ابدی نیند سوگیا، ڈیفنس فیز7 میں واقع پرانے اور خستہ حال مکان کے کمرے کی چھت کا پلاسٹر گرنے سے کمرے میں بیڈ پر سویا ہوا 17 سالہ نوجوان مصطفیٰ ہاشمی جاں بحق ہو گیا جبکہ والد محمود عالم ہاشمی زخمی ہوگئے۔


متوفی نوجوان والدین کا اکلوتا بیٹا تھا اور اے لیول کا طالب علم تھا، اس نے حال ہی میں قرآن پاک بھی حفظ کرنا شروع کیا تھا۔ شہر کے پوش علاقے ڈیفنس فیز7 خیابان سحرپر واقع خستہ حال مکان کے کمرے کی چھت کا پلاسٹر گرنے سے یہ واقعہ پیش آیا۔ قانونی کارروائی کےبعد متوفی نوجوان کی نمازجنازہ ڈیفنس میں مسجد خدیجہ میں ادا کی گئی۔

والد محمود عالم ہاشمی نے ایکسپریس کو بتایا کہ انھوں نے 6 ماہ قبل ہی ڈیفنس فیز7خیابان سحر میں500 گز کا مکان کرائے پرحاصل کیا تھا جو کافی پرانا اورخستہ حال تھا۔

انھوں نے مالک مکان سے کئی مرتبہ بنگلے کی مرمت کا کام کرنےکا کہا لیکن ہر مرتبہ مالک مکان نے کام کرانے سے انکار کردیا اور اس کا کہنا تھا کہ ہم کوئی کام نہیں کرائیں گے جو کرانا ہے خود کرا لو،نوجوان کے والد نے بتایا کہ انھوں نے چار سے پانچ لاکھ روپے مکان پر خرچ بھی کیے لیکن مکان کے کچھ حصوں میں مرمت نہ ہوسکی، مصطفیٰ ہاشمی اکلوتا تھا اور نجی کالج میں اے لیول کا طالب علم تھا اور اس نے ایک ماہ قبل ہی قرآن پاک حفظ کرنا شروع کیا تھا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ان کا بیٹا ان دنوں اے لیول کے امتحانات کی تیاروں میں مصروف تھا، 26 رمضان کو وہ روزے سے تھا اور نمازظہر کی ادائیگی کے بعد تھوڑی دیر آرام کرنے کے لیے لیٹ گیا تاکہ کچھ دیر بعد دوبارہ اپنی پڑھائی میں مصروف ہوجائے۔

انھوں نے بتایا کہ ان کا بیٹا بیڈ پر سویا ہوا تھا جب کہ ساتھ میں وہ اور ان کی اکلوتی بیٹی فرش پر لیٹے ہوئے تھے اچانک کمرے کی چھت کا پلاستر اکھڑا اور ملبہ بیڈ پر سوئے ہوئے مصطفیٰ پر جا گرا جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا اوروہ خود بھی زخمی ہوگئے جبکہ ان کی بیٹی معجزانہ طور پرمحفوظ رہی ۔ انھوں نے بتایا کہ وہ آرکیٹیکٹ ہیں مگر خود اس بات کا اندازہ نہیں لگا سکے کہ مکان اتنا خستہ حال ہے۔

متوفی نوجوان کے والد نے بتایا کہ ان کا ارادہ قطعاً مالک مکان کوجیل بھیجنا نہیں ہے لیکن شہرکے پوش علاقوں کلفٹن اورڈیفنس میں ایسے کئی گھراور بنگلے موجود ہونگے جن کی حالت انتہائی خستہ ہوگی جواں سال بیٹے کے جانے کے بعد اب ان کی زندگی کا صرف ایک مقصد ہے کہ ایسے کام کیے جائیں جس سے اس طرح کے واقعات کی روک تھام ہوسکے تاکہ کوئی اوروالدین اپنے اکلوتے بیٹے کو نہ کھوسکیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں