تیل و گیس کی تلاش کیلیے مزید8لائسنس جاری

لائسنس اوایم وی/ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ،اوجی ڈی سی ایل اور الحاج انٹرپرائزز پرائیویٹ لمیٹڈ کو دیے گئے،معاہدوںپردستخط

تیل وگیس کی تلاش کیلیے اقدامات کر رہے ہیں،نئے لائسنسزسے سرمایہ کاری کے ساتھ روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے،وزیرپٹرولیم ۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے ملک میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے مزید8لائسنس جاری کر دیے ہیں۔ اس ضمن میں گزشتہ روز وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل میں منعقدہ تقریب کے دوران معاہدوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔


جس کے تحت او ایم وی، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ، اوجی ڈی سی ایل اور الحاج انٹرپرائزز پرائیویٹ لمیٹڈ کو تیل اور گیس کی تلاش کے لیے لائسنس جاری کیے گئے ہیں جبکہ اس موقع پروفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی اور وزیر مملکت جان کمال خان بھی موجود تھے، معاہدوں پر وزارت پٹرولیم کی طرف سے سیکریٹری پٹرولیم عابد سعید، ڈائریکٹر جنرل پٹرولیم کنسیشنز سعید اللہ شاہ نے دستخط کیے۔

لائسنس حاصل کرنے والی کمپنیوں کی طرف سے او ایم وی کے مشرق وسطیٰ اور کیسپین ریجن کے سینئر وائس پریذیڈنٹ ایروئن کرول، ایم ڈی او جی ڈی سی ایل ریاض خان، منیجنگ ڈائریکٹر پی پی ایل عاصم مرتضیٰ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر الحاج انٹرپرائزز تاج محمد آفریدی نے معاہدوں پر دستخط کیے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت ملک میں تیل اور گیس کی تلاش کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، نئے لائسنسوں کے اجرا سے ملک میں تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافہ اور اس شعبے میں مزید سرمایہ کاری ہو گی جبکہ روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔
Load Next Story