جدہ سے روانہ ہونے والی تمام ائیرلائنز کی پروازیں طویل تاخیر کا شکار

رش ائیرپورٹ حکام کی جانب سے پروازیں شمالی ٹرمینل پر منتقل کرنے کی وجہ سے پیدا ہوا ہے


ویب ڈیسک May 03, 2022
رش ائیرپورٹ حکام کی جانب سے پروازیں شمالی ٹرمینل پر منتقل کرنے کی وجہ سے پیدا ہوا۔ فوٹو:فائل

پروازیں شمالی ٹرمینل پر منتقل کرنے کی وجہ سے جدہ سے روانہ ہونے والی تمام ائیرلائنز کی پروازیں طویل تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سعودی شہر جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بے تحاشا رش کی صورتحال ہے اور جدہ سے روانہ ہونے والی تمام ائیرلائنز کی پروازیں طویل تاخیر کا شکار ہوچکی ہیں، رش ائیرپورٹ حکام کی جانب سے پروازیں شمالی ٹرمینل پر منتقل کرنے کی وجہ سے پیدا ہوا ہے۔

حکام کے مطابق رش کی صورتحال کے باعث تمام بین القوامی ائیرلائنز کو مسافروں کی چیک ان میں مشکلات درپیش ہیں، شمالی ٹرمینل پر صرف 4 بورڈنگ گیٹ دستیاب ہیں اور پروازوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، اسی مناسبت سے آج شب کی پروازوں میں ممکنہ تاخیر متوقع ہے۔

دوسری جانب پی آئی اے انتظامیہ نے ہدایات جاری کردی ہیں کہ مہمانوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ جدہ میں موجود ہمارے عہدیداران کا سعودی حکام سے مسلسل رابطہ ہے، پی آئی اے کی مقامی ٹیمیں ائیرپورٹ حکام کا تعاون حاصل کرکے پروازوں کی تاخیر کو کم از کم کرنے کے انتظامات کررہی ہیں، سی ای او پی آئی اے صورتحال کی ذاتی حیثیت میں مانیٹرنگ کررہے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق بھی صورتحال کا لمحہ بہ لمحہ جائزہ لے رہے ہیں تاکہ پاکستانی مسافروں کو کم از کم زحمت ہو، مہمانوں کو پیش آنے والی تاخیر کیلئے پیشگی معذرت خواہ ہیں تاہم ان کے تعاون کی بھی طلبگار ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں