اداروں کے خلاف بیانات سے ہر کسی کو گریز کرنا چاہیے چوہدری شجاعت

الیکشن و سیاست میں سولو فلائٹ کی گنجائش نہیں ہوتی، چوہدری پرویز الہٰی

ظہور پیلس گجرات میں چوہدری شجاعت اور پرویز الہٰی کا کارکنوں سے خطاب۔ فوٹو: فائل

کراچی:
مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اداروں کے خلاف بیانات سے ہر کسی کو گریز کرنا چاہیے۔

گجرات میں ظہور پیلس میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ہمارا ضمیر صاف ہے ہمیشہ صاف ستھری سیاست کی، آپسی اختلافات کی افواہیں اڑانے والوں کا کوئی علاج نہیں۔

اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ سب کہہ رہے ہیں ہمارا آپس میں اختلاف ہے اور چوہدری سالک چلا گیا لیکن وہ کہیں نہیں گیا، چوہدری شجاعت نے جب کان پکڑ کر کہا سیدھے ہو جاؤ تو سب اپنی آنکھوں سے دیکھ لیں گے۔


چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ الیکشن و سیاست میں سولو فلائٹ کی گنجائش نہیں ہوتی، موضوع بحث بنے لیکن ہمارے آپسی اختلافات کی نہ کوئی وجہ ہے اور نہ کوئی ایسی بات ہے، معمول کے اختلافات ہر گھر میں ہوتے ہیں اور سوچ رائے الگ ہونے کے باوجود سب ایک ہی گھر میں رہتے ہیں۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ سیاست میں ضروری نہیں کہ آپ سیاست میں اتریں اور فوری عہدہ مل جائے، عہدوں کا فائدہ تب ہوتا ہے جب ساتھ عزت بھی ملے اور آپ کے کام بھی نظر آئیں، میں تو اللہ تعالیٰ سے یہی کہتا ہوں جو بھی عہدہ دے عزت سے دے کیونکہ اگر عزت نہیں تو کچھ نہیں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ 1950 سے چوہدری ظہور الہٰی خاندان سیاست کا مرکز و محور چل آرہا ہے، چوہدری ظہور الہٰی نے ہم بھائیوں کو اور ہم نے اپنی نسل کو ایک ہی بات سکھائی کہ بڑوں کی عزت کرنی ہے جبکہ نئی نسل کو بھی یہی سکھایا کہ سیاست میں اصل مقصد ہدف حاصل کرنا ہونا چاہیے جبکہ صبر، حوصلے اور نیک نیتی کے ساتھ چلیں تو عہدے جھولی میں آگرتے ہیں۔
Load Next Story