پاکستان حکمرانی کا تاج سر پر سجانے کیلیے بے چین

مقصدپانےکیلیےآج دبئی میں تاحال ناقابل شکست پروٹیزدیوارگراناہوگی،امام الحق کوکھلانےکا فیصلہ فٹنس ٹیسٹ کے بعدہوگا،منیجر


Sports Desk March 01, 2014
دبئی: آئی سی سی ہیڈ کوارٹر کے باہر جنوبی افریقی قائد ایڈن مارکرام اور پاکستانی کپتان سمیع اسلم انڈر 19 ورلڈ کپ کی ٹرافی تھامے پوز دے رہے ہیں، فیصلہ کن معرکہ آج ہوگا ، گرین شرٹس فتح کیلیے پرُعزم ہیں ۔

انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل ہفتے کو دبئی میں کھیلا جائے گا، پاکستان ایک بار پھر حکمرانی کا تاج سر پر سجانے کیلیے بے چین ہے۔

اس کیلیے ٹیم کو تاحال ناقابل شکست پروٹیز دیوار گرانا ہو گی،ایونٹ کے ٹاپ اسکورر امام الحق کو کھلانے کا فیصلہ فٹنس ٹیسٹ کے بعد کیا جائے گا،کپتان سمیع اسلم کا کہنا ہے کہ اپنی زندگی کا اہم ترین میچ کھیلیں گے، ٹیم میں ہر صورتحال کا مقابلہ کرنے والے پُراعتماد کھلاڑی موجود ہیں، امید ہے کہ مثبت نتیجہ سامنے آئے گا۔ جنوبی افریقی قائد ایڈن مارکرام ان فارم حریف اوپنرز کو قابو کرنے کی تدبیریں سوچنے لگے، وہ بھی جیت کی آس لگائے بیٹھے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ماضی میں2بار ٹرافی جیتنے والے گرین شرٹس ٹرافی جیتنے کیلیے پُرعزم ہیں، اس کیلیے انھیں ہفتے کے روز جنوبی افریقہ کو راہ سے ہٹانا ہو گا، پاکستان نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دی، پروٹیز نے آسٹریلیا کیخلاف بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی، پاکستانی ٹیم پانچویں بارورلڈ کپ کا فائنل کھیل رہی ہے،اس نے 2004اور2006 میں ٹرافی جیت کر مسلسل دوبار چیمپئن بننے والی واحد سائیڈکا اعزاز حاصل کیا تھا، سمیع اسلم الیون کو پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی، بعد ازاں بھی بیٹنگ لائن قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکی۔

سیمی فائنل میں ٹیل اینڈرز ظفرگوہر اور عماد بٹ نے غیر معمولی کھیل پیش کرتے ہوئے 205 رنز کے ہدف کا حصول ممکن بنایا۔ دوسری جانب جنوبی افریقی ٹیم تیسری بارفائنل تک پہنچی،گذشتہ 2کوششوں میں پروٹیزٹائٹل کے حصول میں ناکام رہے۔ ملائیشیا میں 2008 میں کھیلے گئے ورلڈ کپ سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے گرین شرٹس کوشکست دی تھی، حالیہ ایونٹ میں پروٹیز کو کسی میچ میں بھی ناکامی کا سامنا نہیں کرنا پڑا،پاکستانی بیٹنگ لائن کی کارکردگی میں عدم استحکام کے باوجود منیجر علی ضیاکو امید ہے کہ ٹیم ٹائٹل کی راہ میں حائل آخری دیوار بھی گرانے میں کامیاب ہوجائے گی، انھوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی ورلڈ کپ جیتنے کا عزم لے کر وطن سے روانہ ہوئے اور پاکستان کرکٹ پر مشکل وقت میں قوم کو تحفہ دینا چاہتے ہیں، کئی میچز میں بازی پلٹنے کے بعد کرکٹرز کے اعتماد میں بے پناہ اضافہ ہوگیا، تمام جنوبی افریقہ کو زیر کرکے چیمپئن بننے کیلیے پُر جوش ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ سیمی فائنل میں انجرڈ ہونے والے امام الحق کو کھلانے کا فیصلہ میچ سے قبل فٹنس ٹیسٹ لینے کے بعد کیا جائے گا، البتہ فزیو پُرامید ہیں کہ ٹیم کو ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر کی خدمات حاصل ہوں گی۔

میڈیا سے بات چیت میںکپتان سمیع اسلم نے کہاکہ ہفتے کو ہم اپنی زندگی کا اہم ترین میچ کھیلیں گے، دباؤ بھی ہوگا لیکن ہمارے پاس ہر صورتحال کا مقابلہ کرنے والے کھلاڑی موجود ہیں، انھوں نے کہا کہ اوپننگ میں میری اور امام الحق کی فارم اچھی رہی، انگلینڈ کے خلاف مڈل اور لوئر آرڈر نے میچ کا پانسہ پلٹا، فیصلہ کن معرکے سے قبل پلیئرز کا بھرپور ردھم میں آنا خوش آئند ہے، ایونٹ میں ناقابل شکست پروٹیز تاریخ میں پہلی بار ٹائٹل جیتنے کیلیے بے تاب نظر آتے ہیں لیکن ہم بھی تیسرا ورلڈ کپ حاصل کرکے آسٹریلیا اور بھارت کے برابر آنے کا عزم لیے میدان میں اتریں گے۔ سیمی فائنل میں کینگروز کی ناک میں دم کرتے ہوئے صرٖف 25رنز کے عوض 6وکٹیں حاصل کرنے والے جنوبی افریقی بولر کیگیسو رباندا کے بارے میں سمیع اسلم نے کہا کہ ہم فاسٹ بولر کے چیلنج کا سامنا کرنے کیلیے تیار ہیں۔

پاکستانی عوام کے ساتھ یواے ای میں شائقین بھی گرین شرٹس کی بھرپور حوصلہ افزائی کررہے ہیں، ان کی توقعات پر پورا اترنے کیلیے جان لڑائیں گے۔ زمبابوے اور افغانستان کے خلاف مسلسل 2 سنچریاں اسکور کرنے والے پروٹیز کپتان ایڈن مارکرام نے کہا کہ کھلاڑی اس بار فائنل جیت کر تاریخ بدلنے کا ارادہ کیے ہوئے ہیں،پاکستان کے اوپنرز بہترین فارم میں ہیں،بولنگ میں اپنے بہترین ہتھیاروں کو آزماکر ان کا شکار کرنے کی کوشش کرینگے۔ دوسری جانب انگلینڈ نے آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے میں ایک وکٹ سے مات دے کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی،فاتح ٹیم نے بین ڈکٹ کی سنچری کی بدولت 247 رنز کا ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں