عمران خان کا مدینہ واقعے کی مذمت نہ کرنا افسوس ناک ہے رانا ثنا

ڈیوٹی جج کے اصرار کے باوجود راشد شفیق کا موبائل فون پولیس کو نہ دینے کا عمل جرم میں ملوث ہونے کو تقویت فراہم کرنا ہے


ویب ڈیسک May 05, 2022
(فوٹو : فائل)

WASHINGTON: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا مدینہ واقعے کی مذمت نہ کرنا اور پی ٹی آئی کا واقعے سے لاتعلقی کا اظہار نہ کرنا انتہائی افسوس ناک ہے۔

مدینہ واقعے پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مسجد نبویؐ بے حرمتی کیس میں گزشتہ روز ڈیوٹی جج اٹک نے شیخ راشد شفیق کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا، ڈیوٹی جج نے ویڈیو پیغام کی تصدیق کے لیے پولیس کو شیخ راشد شفیق سے موبائل فون برآمد کرنے اور اس کے فرانزک کا حکم بھی جاری کیا ہے لیکن جج کے اصرار کے باوجود شیخ راشد شفیق کا اپنا موبائل فون پولیس کے حوالے نہیں کیا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ راشد شفیق کی جانب سے موبائل فون پولیس کے حوالے نہ کرنا عمران نیازی اور شیخ رشید کے مسجد نبویؐ کے بے حرمتی واقعے میں براہ راست ملوث ہونے کو تقویت بخشتا ہے، مسجد نبویؐ کی بے حرمتی کے واقعے پر عمران نیازی کو بطور چئیرمین پی ٹی آئی بلا تاخیر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسجد نبویؐ بے حرمتی واقعے میں ملوث پی ٹی آئی ارکان کے خلاف فی الفور انضباطی کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے، پی ٹی آئی کا بطور جماعت اور عمران نیازی کا بطور چئیرمین مسجد نبویؐ بے حرمتی واقعے کی مذمت نہ کرنا انتہائی قابل افسوس ہے ساتھ ہی پی ٹی آئی کا بطور جماعت مسجد نبویؐ بے حرمتی واقعے سے اظہار لا تعلقی نہ کرنا بھی تشویش ناک ہے۔

وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ مسجد نبویؐ بے حرمتی کے دل آزار واقعے سے معاشرے میں تشویش اور اشتعال کی لہر پائی جاتی ہے، مسجد نبویؐ والے افسوس ناک واقعے سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں