لوڈ شیڈنگ اور بیروزگاری ختم کر کے کراچی کی رونقیں بحال کر دینگے نواز شریف

حکومت چیلنجز سے نمٹنے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنیکا پختہ عزم رکھتی ہے، وزیراعظم


Online/Numainda Express March 01, 2014
وزیراعظم محمد نوازشریف یوتھ بزنس لون اسکیم کی پہلی الیکٹرانک قرعہ اندازی کر رہے ہیں، اسحق ڈاراورمریم نواز بھی موجود ہیں ۔ فوٹو : پی پی آئی

لاہور: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک کو درپیش چیلنجوں سے نبردآزما ہونے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کا پختہ عزم رکھتی ہے۔

کنونشن سینٹراسلام آباد میں وزیراعظم یوتھ لون اسکیم کی پہلی قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک سے اندھیرے مٹائیں گے، کراچی کی روشنیاں لوٹائیں گے، پاکستان کی روشنیاں بحال کریں گے، جہالت بھگائیں گے، بیروزگاری، غربت اور جہالت اس ملک سے بھاگیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ قرضہ اسکیم سے نہ صرف لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے بلکہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوان اس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں اور ملک کی ترقی میں اپنا ہاتھ بٹائیں، یہ کام کرنے کا وقت ہے، نوجوان پاکستان کی تقدیر بدلیں گے۔ پاکستان سے لوڈشیڈنگ کا نام ونشان ختم کردیں گے۔ ماضی کی حکومتوں نے کام کیا ہوتا تو لوڈشیڈنگ2سے 3سال میں ختم ہو جاتی۔ کراچی تا لاہور موٹروے پر کام فوری طور پر شروع کیا جائیگا۔ لوگ چند گھنٹوں میں براہ راست کراچی لاہور سفر کرسکیں گے۔ اس موٹروے کے مختلف حصوں پر ایک ساتھ کام شروع کیا جائیگا۔ نوازشریف نے کہا مجھے بیحد خوشی ہے کہ میرا کئی برس پہلے دیکھا ہوا خواب پورا ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ اس اسکیم کے کامیاب افراد کو فوری طور پر بینک سے ایس ایم ایس جائیں گے۔ میں نے الیکشن میں صرف ووٹ لینے کیلیے یہ بات نہیں کی تھی بلکہ اپنے دل میں غریب کیلیے موجود درد کے تحت یہ نعرہ لگایا تھا اور اب ہم اسے عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ بڑے لوگ10 ، 10اور 20،20 ارب روپے قرض لے جاتے ہیں اور ایک غریب کے بچے کو 10ہزار روپے بھی نہیں ملتا، یہ کتنا بڑا تضاد ہے۔ انھوں نے بتایا کہ تقریبا 38ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، 6ہزار کے قریب درخواستگزاروں کو قرضے کے حصول کیلیے منتخب کیا گیاہے۔ پنجاب کے سوا تمام صوبوں سے موصول ہونے والی جن درخواستوں پر سفارشات کی منظوری دی گئی تھی وہ تمام منظور کرلی گئی ہیں جبکہ خواتین کی بھی تمام درخواستیں منظور کی گئی ہیں۔ یہ بات طے ہے کہ ہر صوبے کو آبادی کے تناسب سے حق ملے گا۔ کسی کو زیادہ یا کم نہیں دیا جائیگا۔ تمام عمل کو انصاف کے ساتھ کرنا ہے۔

مجھے بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور پنجاب ایک جیسے عزیز ہیں۔ وزیراعظم نے ملک کی معاشی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے سال کی نسبت پاکستان ترقی کے میدان میں آگے بڑھتا جارہا ہے۔ جی ڈی پی کی شرح مثبت طور پر نمو پذیر ہے۔ 7 ماہ میں شرح نمو 5فیصد جبکہ ٹیکس وصولیوں میں اضافہ 17فیصد ہوا۔ جنوری 2014 تک اسی طرح 6ماہ میں صنعتی شعبے کی ترقی 6.6فیصد ریکارڈ کی گئی۔ موجودہ حکومت کے بہتر انتظام کے ذریعے لوڈشیڈنگ کو کم کردیا گیا۔ طلب اور رسد میں فرق تقریباً 6سے 7ہزار ہے۔ ہمارا ہدف اس طلب کو پورا کرنے کے بعد 25، 20ہزار اضافی بجلی پیدا کرنا ہے۔ یہ سب عزم کا نتیجہ ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن مریم نواز نے بتایا کہ یہ قرعہ اندازی پنجاب اور اسلام آباد کے درخواست گزاروں کیلیے ہوئی ہے جبکہ بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ، آزاد کشمیر اورتمام خواتین کے قرضے منظور ہوگئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں