کراچی میں پانی کا بحران سنگین ہونے کا خدشہ
بالائی علاقوں میں بارشیں نہ ہونے کے سبب پانی کا بحران جنم لے سکتا ہے
LONDON:
سندھ میں پانی کی قلت شدت اختیار کرگئی، سکھر، گڈو اور کوٹری بیراجوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے جس سے شہر قائد میں پانی کی فراہمی کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشیں نہ ہونے کے سبب زرعی پانی کے ساتھ پینے کے پانی کا بحران جنم لے سکتا ہے۔
انچارج کنٹرول روم سکھر بیراج کے مطابق سکھر اور گڈو بیراج کے کئی کینالوں کو پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، کوٹری بیراج پر پانی کم پہنچنے کی وجہ سے کراچی کیلئے کینجھر جھیل دیگر شاخوں کو پانی کی فراہمی خطرات سے دوچار ہے۔
سکھر بیراج کے کنٹرول روم کےانچارج کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع نہیں ہوتا تو مزید بحران پیدا ہوگا اگر پانی کی بحرانی صورتِ حال برقرار رہی تو سندھ میں فصلوں کو شدید نقصان ہو سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: سندھ میں پانی کی شدید قلت ہے وفاق نوٹس لے، شرجیل میمن
دوسری جانب آبپاشی حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت تینوں بیراجوں کو پانی کی مجموعی طور 40 فیصد سے زائد کمی کا سامنا ہے۔