ٹی20 ورلڈکپ کیلئے پاکستان کا بیٹنگ آرڈر متاثر کن نہیں محمد حفیظ

البتہ دعاگو ہوں ٹیم ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے، سابق آل راؤنڈر

(فوٹو: پی سی بی)

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل پاکستان ٹیم کی بیٹنگ کمپوزیشن متاثر کن نہیں ہے۔

نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ '' ٹی20 ورلڈکپ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کو اپنے بیٹنگ آرڈر کو چیک کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ مجھے ایسا لگتا ہے ہماری ٹیم میں کچھ کمی ہے ، البتہ میں دعاگو ہوں قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرے''۔


انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہم آسٹریلیا میں جیتنے کے عمل میں مہارت حاصل نہیں کرسکے ہیں۔ بیٹنگ آرڈر میں ہمارا نمبر چار، پانچ اور چھ طے نہیں جس کے باعث ہمیں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

محمد حفیظ نے مزید کہا کہ ہماری باؤلنگ میں شاہین اور حارث نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن وہ آسٹریلیا میں زیادہ کرکٹ نہیں کھیلے۔ حارث نے وہاں بگ بیش سیزن کے کچھ میچز کھیلے ہیں لیکن شاہین کے بارے میں ایسا نہیں کہا جاسکتا۔

سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے لیے دورہ چیلنجنگ ہوگا اس لیے میں سمجھتا ہوں ہمیں جلد کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی ضرورت ہے۔
حفیظ نے پی سی بی حکام سے مطالبہ کیا کہ کھلاڑیوں کو خراب پرفارمنس کے بعد ڈراپ کرنے کے بجائے انہیں مناسب مواقع دینے چاہئیں۔
Load Next Story