بچی کا ریپ کرنیوالے انسپکٹر کو سرعام پھانسی دی جائے رتیش دیش مکھ

حکومت کو ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے اور انہیں سخت سزا دینی چاہیے، اداکار رتیش


ویب ڈیسک May 06, 2022
بھارتی ریاست اتر پردیش میں چار افراد نے 13 سالہ کم عمر بچی کو اغوا کرکے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا فوٹوفائل

بالی ووڈ اداکار رتیش دیش مکھ نے 13 سالہ کم عمر بچی کیساتھ زیادتی کرنے والے ایس ایچ او پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار رتیش دیش مکھ نے حال ہی میں بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایس ایچ او کی جانب سے 13 سالہ کم عمر بچی کو زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔

رتیش دیش مکھ نے سوشل میڈیا پر واقعے کے بارے میں کہا ''اگر یہ سچ ہے تو اس سے بدتر کچھ اور نہیں ہوسکتا۔ اگر محافظ ہی شکاری بن جائیں تو لوگ انصاف کے لیے کہاں جائیں گے؟

اداکار رتیش دیش مکھ نے 13 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کرنے والے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کو پھانسی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے لوگوں کو سرعام سڑکوں پر لٹکایا جائے۔ انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ حکومت کو ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے اور انہیں سخت سزا دینی چاہیے''۔

واضح رہے کہ بھارتی ریاست اتر پردیش میں چار افراد نے 13 سالہ کم عمر بچی کو اغوا کرکے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا اور جب لڑکی ان چاروں کے خلاف شکایت درج کروانے تھانے پہنچی تو اسٹیشن ہاؤس آفیسر نے اس بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔

کیس خبروں میں آنے کے بعد 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزم ایس ایچ او کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جب کہ اسٹیشن کے تمام پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے ڈی آئی جی سطح کی انکوائری شروع کردی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔