پاکستان میں کورونا سے اموات کی تعداد تصدیق شدہ ہےوزارت صحت

غیر حقیقی مفروضوں کے اعدادوشمار انتہائی گمراہ کن ہو سکتے ہیں ، وزارت صحت

کورونا کے حوالے سے اقدامات کی پوری دنیا میں تعریف کی جاتی ہے،وزارت صحت:فوٹو:فائل

ملک میں کورونا سے اموات کی اضافی تعداد سے متعلق وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جاں بحق افرد کی تعداد تصدیق شدہ ہے۔

وزارت صحت نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پاکستان میں کورونا سے جاں بحق کی اضافی تعداد سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد تصدیق شدہ ہے۔


وزارت صحت کا بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان کی کورونا سے اموات کی تعداد کو عالمی سطح پرتسلیم کیا گیا ہے۔ملک میں اموات کی رپورٹنگ کے نظام کے لئے متعدد چیک موجود ہیں تاہم اموات کو رپورٹ کرنے کا کوئی بھی نظام مکمل طورپر درست نہیں ہوسکتا۔قبرستانوں میں رپورٹ ہونے والی اضافی اموات کورونا سے ملتی جلتی ہوسکتی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا اموات کے حوالے سے پاکستان کی رپورٹ کی گئی تعداد اصل تعداد کے قریب تر ہے۔ گزشتہ 2 سال کے دوران مجموعی اموات کے اعدادوشماراوراموات میں غیر معمولی اضافہ نہیں ہوا۔

وزارت صحت کا کہنا تھا کہ محض غیر حقیقی مفروضوں کے اعدادوشمار انتہائی گمراہ کن ہو سکتے ہیں۔ کورونا کے حوالے سے اقدامات کی پوری دنیا میں تعریف کی جاتی ہے۔ پاکستان کے سیکرٹری صحت کو رواں ماہ کے آخر میں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کے موقع پر کلیدی مقرر کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
Load Next Story