فواد چوہدری نے 20 مئی تک حکومت ختم ہونے کی پیش گوئی کردی

ہماری اطلاعات ہیں کہ تین ساتھی شہباز شریف کا ساتھ چھوڑ رہے ہیں، فواد چوہدری کی پریس کانفرنس


ویب ڈیسک May 06, 2022
(فائل : فوٹو)

سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے 20 مئی تک حکومت ختم ہونے کی پیش گوئی کردی اور کہا ہے کہ ہماری اطلاعات ہیں کہ تین ساتھی شہباز شریف کا ساتھ چھوڑ رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سال کے آخر میں گندم کی خریداری نہ ہونے سے آٹے کا بحران پیدا ہوجائے گا، پیپلز پارٹی کو راضی کرنے کے لیے پنجاب کا پانی سندھ کو دیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف سیکریٹری اور آئی جی اپنی من مانی کر رہے ہیں، چیف سیکریٹری، آئی جی کو سمجھ نہیں آرہا کس کی بات سننی ہے، انتظامی فیصلے کرنے کے لیے پنجاب میں حکومت ہی نہیں، پنجاب کے انتظامی بحران پر فوری ایکشن کی ضرورت ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہماری اطلاعات ہیں کہ حکومت کے 3 مزید ساتھی شہباز شریف کا مزید ساتھ دینے سے انکاری ہیں، 20 مئی تک حکومت ختم ہو جائے گی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے 9 تاریخ کو آرٹیکل 63 اے کیس کی سماعت رکھی ہے، جتنی جلدی آرٹیکل 63 اے پر فیصلہ آئے گا اتنا جلدی استحکام ہوگا، عمران خان آج میانوالی سے جلسوں کا آغاز کر رہے ہیں، جلسوں کے دوران عمران خان لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں گے جب کہ تحریک انصاف کے جلسے 20 مئی تک جاری رہیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اقتدار اعلی کا فیصلہ عوام کو کرنا ہے، یہ حکومت 20 مئی سے پہلے فارغ ہو جائے گی، الیکشن کمشنر تین ماہ میں الیکشن نہیں کروا سکتے تو استعفی دیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔