سانحہ بلدیہ ٹائون کے کے ایف کے امدادی کیمپس قائم کردیے گئے

امدادی کیمپوں پر ایم کیوایم کے سیکڑوں کارکنان اور خدمت خلق فائونڈیشن کے رضاکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں


Express Desk September 13, 2012
خدمت خلق فائونڈیشن کی جانب سے بلدیہ ٹائون میں آتشزدگی سے تباہ ہونے والی فیکٹری کے متاثرین کی امدادی کارروائیوں کیلیے کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

UNITED NATIONS: ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی ہدایت پر خدمت خلق فائونڈیشن کی جانب سے بلدیہ ٹائون میں آتشزدگی سے تباہ ہونے والی فیکٹری کے متاثرین کی امدادی کارروائیوں کیلیے رات گئے ہی امدادی کیمپس قائم کردیے گئے۔

یہ امدادی کیمپس عباسی شہید اسپتال، سول اسپتال ، جناح اسپتال اور ایدھی سینٹر میں قائم کیے گئے ہیں جبکہ اس سلسلے کا مرکزی امدادی کیمپ بلدیہ ٹائون میں متاثرہ فیکٹری کے قریب قائم کیا گیا ہے، امدادی کیمپوں پر ایم کیوایم کے سیکڑوں کارکنان اور خدمت خلق فائونڈیشن کے رضاکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

مرکزی امدادی کیمپ سے خدمت خلق فائونڈیشن کی ایمبولینس سروس کے ذریعے جھلس کر جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے بدھ کی صبح متاثرہ فیکٹری اور مرکزی امدادی کیمپ کا دورہ کیا، اس موقع پر انھوں نے جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں