گجرات میں 50 لاکھ روپے تاوان کی عدم ادائیگی پر 10 سالہ بچہ قتل

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سےرپورٹ طلب کرلی۔

پولیس کو بچے کے اغوا اور تاوان کے مطالبے سے متعلق آگاہ کیا لیکن انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی، ورثا کا موقف فوٹو: ایکسپریس نیوز

لالہ موسیٰ میں نامعلوم ملزمان تاوان کی عدم ادائیگی پر 10 سالہ بچے کو قتل کرنے کے بعد لاش کھیتوں میں پھینک کر فرار ہوگئے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق گجرات کے قصبے لالہ موسیٰ کے علاقے گلی علی چکیاں کے رہائشی 10 سالہ محمد مرتضیٰ کو گزشتہ روز نامعلوم افراد نے اغوا کرکے والدین سے 5 گھنٹے میں 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا، بچے کے ورثا نے متعلقہ تھانے کو بچے کے اغوا اور تاوان کے مطالبے سے متعلق آگاہ کیا لیکن پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری اور بچے کی بازیابی کے لئے کوئی کارروائی نہیں کی گئی، تاوان کی عدم ادائیگی پر نامعلوم افراد بچے کی لاش کو مہر محلے کے قریب کھیتوں میں پھینک کرفرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا برائے تاوان اور بچے کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی شروع کردی گئی ہے جلد ہی ملزم قانون کے شکنجے میں ہوں گے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سےرپورٹ طلب کرلی ہے۔
Load Next Story