کراچی میں موسلادھار بارش رین ایمرجنسی پلان ناکام

آئندہ24گھنٹوں کے دوران کراچی سمیت زیریں سندھ میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات


Staff Reporter September 13, 2012
کلفٹن :روڈ پرجمع ہونے والے بارش کے پانی میں سے گاڑیاں گزر رہی ہیں،بارشوں کے باعث شہر کی دیگر شاہراہوں پر بھی برساتی پانی جمع رہا۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی کے مختلف علاقوں میں بدھ کو موسلادھار بارش ہوئی جبکہ دیگر علاقوں میں ہلکی ومعتدل بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے زیریں علاقوں میں مون سون سسٹم آئندہ 24سے 36 گھنٹوں تک قائم رہے گا جس کے باعث کراچی، حیدرآباد ، ٹھٹھہ اور دیگر اضلاع میں تیز، معتدل اور ہلکی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، شہر میں گذشتہ ایک ہفتے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ذیلی میونسپل اداروں کا رین ایمرجنسی پلان مکمل طور ناکام دکھائی دیتا ہے، اہم تجارتی وکاروباری مراکز میں بروقت برساتی پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث ابھی تک برساتی پانی جگہ جگہ کھڑا ہے،سیوریج کے ناقص نظام کے باعث مین ہولوں سے گندا پانی ابل پڑا ہے جس سے تعفن و بدبو نے کاروباری معمولات مشکل بنادیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو کراچی کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جس کے باعث اہم شاہرائوں اور نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ برساتی پانی کھڑا ہوگیا، ٹریفک پولیس اور میونسپل اداروں کے عملے کی غٖیر موجودگی کے باعث شہری زندگی درہم برہم ہوگئی اور اہم شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، گلشن اقبال یوسی 8میں نامکمل برساتی پانی کی نکاسی کے منصوبے کے باعث کچی آبادی رحمتیہ کالونی زیرآب آگئی اور مکینوں کو سخت مصیبت کا سامنا کرنا پڑا، شاہراہ فیصل، شاہراہ قائدین، کورنگی روڈ، شہید ملت ایکسپریس وے، یونیورسٹی روڈ، ایم اے جناح روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر برساتی پانی جمع ہونے کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

بجلی کی بندش کے باعث ٹریفک سگنلز نے کام کرنا چھوڑ دیا جبکہ ٹریفک پولیس کا عملہ بھی غائب رہا جس کے باعث ٹریفک بدنظمی کا شکار ہوگیا اور سڑکوں پر گاڑیوں کی قطار لگ گئی، محکمہ موسمیات کے مطابق صدر میں 12ملی میٹر، شاہراہ فیصل20، ائیرپورٹ جناح ٹرمینل 25، اولڈ ایریا ایئرپورٹ 24، لانڈھی 18، نارتھ کراچی 25اور گلستان جوہر میں 27ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، چیف میٹرو لوجسٹ توصیف عالم نے بتایا کہ بحیرہ عرب کے شمال مشرق سے تشکیل پانے والے ہوا کے کم دبائو نے کراچی سمیت زیریں سندھ کو اپنے لپیٹے میں لیا ہوا ہے جس کے باعث ان علاقوں میں موسلادھار اور ہلکی ومعتدل بارشیں ہورہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس سسٹم کے تحت آئندہ 24تا 36گھنٹوں کے دوران کراچی سمیت زیریں سندھ میں تیز، ہلکی ومعتدل بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، علاوہ ازیں شہر میں گذشتہ ایک ہفتے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ذیلی میونسپل اداروں کا رین ایمرجنسی پلان مکمل طور ناکام دکھائی دیتا ہے، اہم تجارتی وکاروباری مراکز میں بروقت برساتی پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث ابھی تک برساتی پانی جگہ جگہ کھڑا ہے جبکہ سیوریج کے ناقص نظام کے باعث مین ہولوں سے گندا پانی ابل پڑا ہے جس سے تعفن و بدبو نے کاروباری معمولات مشکل بنادیئے ہیں۔

گلشن اقبال ، محمودآباد ، اعظم بستی، ملیر، لانڈھی، اختر کالونی، ناظم آباد، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، صدر، اولڈ سٹی ایریا، کیماڑی، سائٹ اور دیگر رہائشی علاقوں میں برساتی نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث جگہ جگہ گندے پانی کے جوہڑ بن گئے ہیں جبکہ ان علاقوں میں کوڑا کرکٹ نہ اٹھانے کے باعث صورتحال ابتر ہوگئی ہے اور علاقوں میں وبائی امراض پھوٹنے کا خطرہ ہوگیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں