شاہراہ قراقرم پر واقع پل ٹوٹ گیا ویڈیو وائرل

ٹریفک کیلئے آمدورفت معطل، مسافروں کو مشکلات کا سامنا

(فوٹو: ٹوئٹر)

ہنزہ کے علاقے حسن آباد میں سیلابی ریلے کے باعث شاہراہ قراقرم پر واقع پل ٹوٹ گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وادی ہنزہ میں واقع شسپر گلیشرز پر بننے والی جھیل کے پھٹنے سے پیدا شدہ سیلاب نے تباہی مچادی، سیلابی ریلے نے بالائی ہنزہ کو جانے والی سڑک پر قائم حسن آباد پل کو مکمل تباہ کردیا، پل کے بہنے سے شاہراہ قراقرم ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہوگیا۔ سیلابی ریلے میں کئی گھروں سمیت، دو ہائیڈرو پاور پراجکٹس بھی تباہ ہوگئے جبکہ زیر کاشت زمینیں اور پھلدار درختوں کو شدید نقصان پہنچا۔


چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے فوری ایکشن لیتے ہوئے متاثرہ پل کی بحالی و متبادل راستہ کی فراہمی کیلئے این ایچ و ایف ڈبلیو او کو ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی۔

انہوں نے کہا کہ سیاحوں و متاثرہ آبادی محفوظ مقامات پر منتقل کردیے ہیں جبکہ ہنزہ میں اشیا خوردونوش وپیٹرول کی دستیابی کو یقینی بنانے کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے حسن آباد پل کی فوری بحالی کیلئے سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان اقبال حسین خان، کمشنر گلگت اور متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ٹریفک کی بحالی کے لئے جلد سے جلد اقدامات کیے جائیں۔

Load Next Story