میڈیا دہشتگردوں کی دھمکیوں سے خوف زدہ ہونے کے بجائے ہمت کا مظاہرہ کرے الطاف حسین

قومی سلامتی و بقاء کو دہشت گردوں سے سنگین خطرات لاحق ہیں لیکن ڈر اور خوف کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں،قائد ایم کیو ایم


ویب ڈیسک March 01, 2014
وقت وطن کی مٹی صحافی برادری سے مکمل تعاون کی بھیک مانگ رہی ہے، الطاف حسین۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا دہشت گردوں کی دھمکیوں سے خوف زدہ ہونے کے بجائے ہمت وجرات کا مظاہرہ کرے۔

لندن سے جاری اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے مالکان، ان سے وابستہ صحافیوں اور دیگر عملے کوسنگین دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ اگرانہوں نے دہشت گردی کے واقعات کے خلاف آواز اٹھائی اوران واقعات پرطالبان کی مذمت کی تونہ صرف انہیں بلکہ ان کے پورے ادارے کوبھیانک نتائج بھگتنے پڑیں گے۔ جس کی وجہ سے سبھی خوف وہراس کا شکار ہیں۔

الطاف حسین نے کہاکہ قومی سلامتی وبقاء کو دہشت گردوں سے سنگین خطرات لاحق ہیں لیکن ڈر اور خوف کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں ہے، زندہ قومیں اپنے ملک کی سلامتی وبقاء کے لئے قربانیاں دیا کرتی ہیں، صحافی برادری نے ملک کی خاطر بڑی بڑی قربانیاں دی ہیں اور اس وقت وطن کی مٹی ایک مرتبہ پھر صحافی برادری سے مکمل تعاون کی بھیک مانگ رہی ہے ۔ انہیں امید ہے کہ میڈیا کے نمائندے ، دہشت گردوں کی دھمکیوں سے خوف زدہ ہوئے بغیر عوام کو سچائی سے آگاہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں