تینوں بڑی جماعتیں سودی نظام جاری رکھنے پر متفق ہیں سراج الحق

کل بھی مافیاز کی حکومت تھی اور آج اربوں روپے کمانے والے اقتدار پر بیٹھے ہیں، امیر جماعت اسلامی


Numainda Express May 07, 2022
امیر جماعت اسلامی —فائل فوٹو

کراچی: جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ اور سابقہ حکومت میں کوئی فرق نہیں، تینوں بڑی جماعتیں سودی نظام جاری رکھنے پر متفق ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ 10اپریل کو نظام نہیں پہرے دار بدلا گیا، کل بھی مافیاز کی حکومت تھی اور آج اربوں روپے کمانے والے اقتدار پر بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس ویژن ہوتا تو ساڑھے تین سالوں میں کچھ تو نظر آتا، ملک میں سیاست پیسے کی بنیاد پر چلتی ہے، تینوں بڑی جماعتوں کی پالیسیاں ایک اور سودی نظام جاری رکھنے پر سب متفق ہیں۔

سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ حکومت وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر عمل کر کے سودی نظام کا خاتمہ کرے۔

جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا تجربہ ناکام ہوا، اس کو لانے والے بھی شرمندہ ہوئے جبکہ عوام نے ن لیگ اور پی پی کا دور اقتدار بھی کئی بار دیکھ لیا، اس دوران ملکی قرضہ 51ارب ڈالر تک پہنچ گیا، نئی حکومت کے آتے ہی وزیر خزانہ آئی ایم ایف کے پاس مزید قرضہ لینے کے لیے پہنچ گئے جبکہ حکومت پٹرول اور بجلی کی قیمتیں مزید بڑھانے کے لیے تیار بیٹھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کو خبردار کرنا چاہتے ہیں کہ وہ عوام پر ہر قسم کا ظلم فوری طور پر بند کردے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں