کامران اکمل متوقع چیئرمین نجم سیٹھی کے گن گانے لگے

اگر لیگ نہ کراتے تو شاید آج ملک میں کرکٹ کا نام بھی نہیں ہوتا،سابق اسٹار

اگر لیگ نہ کراتے تو شاید آج ملک میں کرکٹ کا نام بھی نہیں ہوتا،سابق اسٹار۔ فوٹو:فائل

کراچی:
کامران اکمل متوقع چیئرمین نجم سیٹھی کے گن گانے لگے جب کہ سابق وکٹ کیپر کا کہنا ہے کہ اگر سابق سربراہ پی ایس ایل کا انعقاد نہ کرتے تو شاید آج پاکستان میں کرکٹ کا نام بھی نہیں ہوتا۔

ایک انٹرویو میں کامران اکمل نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بھی تبدیل ہوجاتا ہے، اب اس ذمہ داری کے لیے نجم سیٹھی کا نام لیا جارہا ہے، پاکستان کی آج بچ جانے والی کرکٹ کی نجم سیٹھی نے بہت خدمت کی ہے، ڈپارٹمنٹل کرکٹ کے ختم ہونے کے بعد قومی کرکٹ کے برقرار رہنے میں پی ایس ایل کا کرداراہم ہے، اگر نجم سیٹھی لیگ کا انعقاد نہ کرتے تو شاید آج پاکستان میں کرکٹ کا نام بھی نہیں ہوتا۔

انھوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لیے بہت سوچ بچار کے ساتھ ٹیم کی تشکیل اورمناسب منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، ذاتی سطح پرسوچنے اورصرف 6کھلاڑیوں پرہی توجہ دینے سے اجتناب برتا جائے۔


کامران اکمل نے کہا کہ 7 سے 8 اہم کھلاڑیوں سے محرومی کے باوجود پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی میچ کی فاتح بن کرگئی،یہ بہت افسوس کی بات ہے، ہمیں اگلا ورلڈ کپ ایتھوپیا نہیں بلکہ آسٹریلیا میں کھیلنا ہے،میگا ایونٹ کے لیے بہت دھیان سے قومی ٹیم تشکیل دی جانی چاہیے،پانچویں اورچھٹے نمبر کے کھلاڑیوں پرخاص توجہ دینا ہوگی، ذاتی سطح پرنہ سوچا جائے بلکہ ٹاپ آرڈر کھلاڑیوں کے چناؤ پرتوجہ دی جائے۔

انھوں نے اپنے بھائی عمراکمل کا نام لیتے ہوئے کہا کہ اس نے پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھائی جبکہ عماد وسیم بھی اچھا کھلاڑی ہے، حسن علی کا ردھم میں آجانا اچھا ہے، وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے اہم ترین بولر ہیں جبکہ اعظم خان نے بھی مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی بہتری کے لیے سوچنا چاہیے،مناسب منصوبہ بندی کے ساتھ تمام کھلاڑیوں، کپتان،کوچنگ اسٹاف اور سلیکشن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

 
Load Next Story