چوہدری نثار کا مولانا سمیع الحق سے ٹیلی فونک رابطہ کمیٹیوں کا اجلاس جلد بلانے پراتفاق

طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان پر حکومت کا ردعمل بھی مثبت ہوگا، چوہدری نثار کی مولانا سمیع الحق کو یقین دہانی


ویب ڈیسک March 01, 2014
حکومت کو طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کا فائدہ اٹھانا چاہئیے مولانا سمیع الحق۔ فوٹو:فائل

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے جے یو آئی (س) کے سربراہ اور طالبان کمیٹی کے رکن مولانا سمیع الحق سے ٹیل یفونک رابطہ کیا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے حکومتی و طالبان مذاکراتی کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس آئندہ 2 روز میں بلانے پر اتفاق کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق طالبان کی جانب سے غیر مشروط جنگ بندی کے اعلان کے بعد وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے مدینہ منورہ میں موجود مولانا سمیع الحق سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اس موقع پر مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ طالبان کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان اچھی پیش رفت ہے جس سے حکومت کو فائدہ اٹھانا چاہئے، انہیں امید ہے کہ حکومت بھی اعتماد کی بحالی کے لئے بھرپور اقدامات کرے گی۔

چوہدری نثار علی خان نے بھی مولانا سمیع الحق کو یقین دہانی کرائی کہ طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان پر حکومت کا ردعمل بھی مثبت ہوگا، دونوں رہنماؤں نے حکومتی و طالبان کی مذاکراتی کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس آئندہ 2 روز میں بلانے پر اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ایک ماہ کے لئے یک طرفہ طور پر غیر مشروط طور پر جنگ بندی کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد دونوں کمیٹیوں کے درمیان باضابطہ رابطے دوبارہ بحال ہوئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں