مذاکراتی کمیٹیوں کے ارکان کا طالبان کی جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم

قوم سے خوشخبری کا وعدہ کیا تھا جو آج پورا کررہا ہوں، رکن طالبان کمیٹی مولانا یوسف شاہ


ویب ڈیسک March 01, 2014
جنگ بندی کااعلان مثبت اقدام ہے تاہم باضابطہ تفصیلات کا انتظار ہے، عرفان صدیقی فوٹو: اے ایف پی

حکومت اور طالبان کی جانب سے مذاکرات کرنے والی کمیٹیوں کے ارکان نے طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومتی کمیٹی کے کوآرڈینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ دونوں کمیٹیوں کے درمیان مذاکراتی عمل کے تعطل کے وقت فوری جنگ بندی کامطالبہ کیا گیا تھا، طالبان کی جانب سے جنگ بندی کااعلان مثبت اقدام ہے تاہم طالبان کی طرف سےجنگ بندی کی باضابطہ تفصیلات کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ہفتوں کے تعطل کے باوجود حکومتی کمیٹی بدستور قائم ہے جو طالبان کےاعلان پرغور کرے گی۔

حکومتی کمیٹی کے ایک اور رکن رستم شاہ مہمند کا کہنا تھا کہ حکومت طالبان کے جنگ کےاعلان کا باضابطہ طورپر جائزہ لے گی، وہ سمجھتے ہیں کہ جنگ بندی پر فوری عمل درآمد ہونا چاہئے اور حکومت کی جانب سے بھی حکومت کو اس کا مثبت جواب دیا جائے۔

دوسری جانب طالبان کمیٹی کے رکن مولانا یوسف شاہ نے کہا کہ ملک میں امن کے لئے تمام تر وسائل اور ذرائع کو استعمال میں لایا جائے گا، انہوں نے قوم سے اور جلد خوشخبری کا وعدہ کیا تھا جو وہ آج پورا کررہے ہیں جب کہ مدینہ منورہ میں موجود طالبان مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے بھی جنگ بندی کے اعلان کو خوش آئند قراردیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں