سوشل میڈیا پر خواتین کو جعلی ویڈیوز کے ذریعے ہراساں کرنے والوں کیخلاف گھیرا تنگ
گرفتار ملزمان سے قابل اعتراض مواد برآمد کرلیا
فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے سوشل میڈیا پر خواتین کو ہراساں کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کے سائبر کرائم ونگ نے سوشل میڈیا کے ذریعے خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنا شروع کردیا۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے گھوٹکی اور پشاور میں کارروائی کرتے ہوئے خواتین کو جعلی ویڈیوز کے ذریعے ہراساں کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرکے قابل اعتراض مواد برآمد کرلیا۔
سیکیورٹی ایجنسی کے اہلکاروں نے ملزمان سے الیکٹرانک آلات قبضے میں لے کر فرانزک تجزیہ کے لیے بھیجوا دیئے گئے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گھوٹکی اور پشاور سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان عثمان علی اور فیاض الدین متاثرین کی جعلی فحش ویڈیوز شیئر کرنے میں ملوث تھے۔
سائبر کرائم ونگ نے ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ کی سیکشن 21، 24 اور 509 پی پی سی کے تحت سکھر اور پشاور میں دو ایف آئی آر درج کرلیں۔
فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کا کہنا تھا کہ کارروائی سوشل میڈیا پر خواتین کو ہراساں کرنے اور خواتین کی عزت پر حملوں کو روکنے کے لیے ایف آئی اے کی مہم کا تسلسل یے۔