ایشیا کپ میں افغانستان نے بنگلادیش کو اپ سیٹ شکست دیکر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا

بنگلادیش کی ٹیم 255 رنز کے تعاقب میں 48ویں اوور میں 222 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی


ویب ڈیسک March 01, 2014
افغانستان کے کپتان محمد نبی نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ایشیا کپ کے پانچویں میچ میں افغانستان نے میزبان بنگلادیش کو 32 رنز سے اپ سیٹ شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔

فتح اللہ کے خان شہاب عثمان علی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کے کپتان مشفیق الرحمان نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو مہمان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بنائے، اسغر استانکزئی 90 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ سمیع اللہ شنواری نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 81 رنز اسکور کئے، دیگر کھلاڑیوں میں محمد شہزاد 2، کریم صادق 12، نجیب اللہ زادران 21، نوروز منگل 24 اور کپتان محمد نبی 7 رنز بنا کر پویلین لوٹے، بنگلادیش کی جانب سے عرفان سنی نے 2 جبکہ روبیل حسین اور مومن الحق نے ایک، ایک حاصل کی۔

بنگلادیش کی ٹیم 255 رنز کے تعاقب میں 48ویں اوور میں 222 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، مومن الحق کے علاوہ بنگلادیش کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک افغانی بولروں کے آگے ٹک نہ سکا، مومن الحق 50 رنز بناکر نمایاں رہے، دیگر کھلاڑیوں میں انعام الحق ایک، مشفیق الرحمان 23، ناصر حسین 41، نعیم اسلام 35، ضیا الرحمان 41 اور روبیل حسین 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بنگلادیش کے 3 کھلاڑی بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے، افغانستان کے کپتان محمد نبی نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، شپور زادران اور حامد حسین نے 2،2 جبکہ میر واعث اشرف اور سمیع اللہ شنواری نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا،افغانستان کے سمیع اللہ شنواری کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں