کراچی میں فارم ہاؤس سے اغوا ڈھائی سالہ بچہ حیدرآباد سے بازیاب

متاثرہ فیملی فیسٹا واٹر پکنک پارک فارم ہاؤس تفریح کرنے گئی تھی


Staff Reporter May 09, 2022
مغوی بچے کے والد کی مدعیت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

SPAIN: گڈاپ ٹاؤن میمن گوٹھ میں واقع فارم ہاؤس سے اغوا ہونے والے ڈھائی سال کے بچے کو پولیس نے حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد سے بازیاب کروا لیا۔

ایس ایس پی ملیر عرفان علی بہادر کے مطابق دو سالہ بچے مصعب کو بازیاب کروا لیا گیا، چھاپہ مار کارروائی کے دوران خاتون سمیت 2 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ خاتون اور اسکے ساتھیوں کو سی سی ٹی وی کی مدد سے حراست میں لیا گیا۔

میمن گوٹھ پولیس نے لطیف آباد حیدرآباد میں چھاپہ مارا، ملزمان کو مزید تحقیقات کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ میمن گوٹھ تھانے کی حدود سپرہائی وے گڈاپ ٹاؤن ضلع ملیر میں واقع فیسٹا واٹر پکنک فارم ہاؤس کے اندر سے اتوار کی شام کو نامعلوم افراد ڈھائی سالہ مصعب کو اغوا کر کے ساتھ لے گئے تھے۔

مغوی بچے کے والد عبد المعیز ایدھی ولد عبد الرزاق میمن نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 152/2022 بجرم دفعہ 364/34 کے تحت میمن گوٹھ تھانے میں درج کروایا تھا۔

مغوی بچے کے والد نے ایف آئی آر کے متن میں درج کرایا کہ وہ مکان نمبر 4 مدینہ اسکوائر خواجہ مسافر خانہ کھارادر کے رہائشی ہیں اور اپنا ذاتی کاروبار کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ 8 مئی 2022 کو اپنی فیملی کے ساتھ فیسٹا واٹر پکنک پارک فارم ہاؤس پر تقریباً پونے ایک بجے دن کو پہنچے تھے، میرے ساتھ تین فیملیاں تھیں جن میں میرے بھی 4 بچے تھے پکنک فارم پر رش تھا اور میرے بچے دوسرے بچوں کے ساتھ گھوم رہے تھے کہ تقریباً پونے 6 بجے شام کو میرا بچہ مصعب ولد عبد المعیز عمر تقریباً ڈھائی سال غائب ہوگیا۔

اپنے بچے کو تلاش کرتا ہوا فیسٹا پارک انتظامیہ ایڈمن آفس میں اطلاع دینے گیا اور اپنے طریقے سے بھی تلاش کرتے رہے مگر اس کا کوئی پتہ نہیں چلا، انتظامیہ کے آفس میں دوبارہ گیا اور سی سی ٹی وی کیمرہ چیک کروایا تو دیکھا کہ میرے بچے مصعب کو دو مرد اور ایک عورت ان کے ساتھ بھی فوٹیج میں ایک بچہ بھی نظر آرہا تھا میرے بیٹے کو اپنے ساتھ لیکر جا رہے تھے اور میں نے سی سی ٹی وی کیمرہ دیکھنے کے بعد مددگار 15 پولیس کو بھی اطلاع دی جبکہ میمن گوٹھ تھانے کی پولیس بھی آگئی۔

مدعی نے دعویٰ کیا ہے کہ دو مرد اور ایک عورت میرے بیٹے مصعب کو اغوا کر کے پراڈو سفید گاڑی نمبر بی ایچ 0797 میں لیکر فرار ہوئے لہٰذا فوری کارروائی کی جائے۔

میمن گوٹھ تھانے کے سب انسپکٹر رسول بخش نے مقدمہ درج کر کے تفتیش ایس آئی میمن گوٹھ کے سپرد کر دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |