شہباز شریف کیخلاف انکوائری کرنیوالے ایف آئی اے افسر ڈاکٹر رضوان انتقال کرگئے

موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی انہیں عہدے سے ہٹادیا تھا۔


ویب ڈیسک May 09, 2022
موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی انہیں عہدے سے ہٹادیا تھا۔

شہباز شریف کیخلاف منی لانڈرنگ سمیت مختلف مشہور مقدمات کی انکوائری کرنے والے سابق ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر رضوان انتقال کرگئے۔

ڈاکٹر رضوان کو لاہور میں دل کا دورہ پڑا جس سے وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔ وہ جوہر ٹاؤن کے رہنے والے تھے۔ ان کی پہچان ایک دلیر اور فرض شناس افسر کے طور پر تھی۔ وہ شہباز شریف کیخلاف انکوائری کررہے تھے اور موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی انہیں عہدے سے ہٹادیا تھا۔ انہوں نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی بھی تحقیقات کیں۔



وہ شوگر مافیا کیخلاف تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ بھی تھے اور مافیا کے دباؤ پر انہیں ہٹایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شوگر مافیا کی جے آئی ٹی کے سربراہ کو تبدیل کر دیا گیا

وہ ایس ایس پی شکار پور بھی رہے جہاں انہوں نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ پی پی کے وزیر امتیاز شیخ، سعید غنی کے بھائی فرحان غنی اجرتی قاتلوں، منشیات فروشوں کے سہولت کار ہیں۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاکٹر رضوان کے خلاف انکوائری شروع کرادی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی جی خادم حسین اور ایس پی ڈاکٹر رضوان کا تبادلہ غیر قانونی ہے، سندھ ہائیکورٹ

ڈاکٹر رضوان نے نقیب اللہ قتل کیس کی بھی تفتیش کی تھی جس میں انہوں نے ہر طرح کے دباؤ کا سامنا کیا تھا، بالآخر انہیں اس عہدے سے بھی ہٹادیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔