سری لنکا میں مستعفی وزیراعظم کا گھرنذر آتش جھڑپوں میں 5افراد ہلاک

ملک بھر میں کرفیو کے باوجود حکومت کے خلاف مظاہرے جاری ہیں

کولمبو کے نواحی علاقے میں 2 اراکین پارلیمنٹ کے گھر بھی جلا دئیے گئے:فوٹو:انٹرنیٹ

ISLAMABAD:
سری لنکا میں جاری پرتشدد ہنگاموں میں 5 افراد ہلاک اور190 زخمی ہوگئے۔ مشتعل مظاہرین نے مستعفی وزیراعظم کا گھر نذر آتش کردیا۔ہنگاموں کو روکنے کے لئے ملک بھرمیں کرفیو نافذ کردیا گیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا میں سنگین معاشی بحران پرحکومت کیخلاف احتجاج وزیراعظم راجا پاکسے کے استعفے کے بعد بھی جاری ہے۔ سابق وزیراعظم کے حامیوں اورمخالفین کے درمیان جھڑپوں میں 5 افراد ہلاک اور190 زخمی ہوگئے۔


مشتعل مظاہرین نےکرونیگالا شہر میں راجا پاکسےکا آبائی گھر نذر آتش کردیا ۔ کولمبو کے نواحی علاقے میں سابق وزیر اور حکومتی جماعت کے 2 اراکین پارلمینٹ کے گھر جلادیے گئے۔

مظاہرین مستعفی وزیراعظم راجا پاکسےکے بھائی اور سری لنکا کے صدرگوتابایا راجا پاکسے سے بھی استعفیٰ دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں اوران کے دفتر کے باہر ایک ماہ سے دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔

سری لنکا بدترین معاشی بحران سے دوچار ہے۔ حکومت کے پاس تیل کی درآمدکے لیے غیر ملکی کرنسی کی قلت ہے اور تیل کی کمی کے باعث بجلی کی بھی شدید کمی کا سامنا ہے۔ شہری پیٹرول اور ایندھن کے لیے گھنٹوں قطار میں لگنے پر مجبور ہیں۔
Load Next Story