فیفا کا برازیل اور ارجنٹینا کا میچ ری شیڈول کرنے کا اعلان
گزشتہ سال ستمبر میں میچ کورونا پروٹوکولز کو توڑنے پر ملتوی کردیا گیا تھا
کراچی:
فیفا نے کورونا کے باعث ملتوی ہونے والے برازیل اور ارجنٹینا کے درمیان عالمی ورلڈکپ 2022 کے کوالیفائر میچ کو ری شیڈول کرنے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق برازیل اور ارجنٹینا کی فیڈریشنز جانب سے مخالفت کے باوجود فیفا نے عالمی ورلڈکپ 2022 کے کوالیفائر میچ کو ری شیڈول کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ٹیمیں دوبارہ جلد ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔
گزشتہ سال ستمبر میں دونوں ٹیموں کے مابین میچ کے آغاز کے محض سات منٹ بعد برازیلی محکمہ صحت کے حکام میدان میں داخل ہوئے اور انگلش کلبز سے وابستہ ارجنٹینا کے ایمیلیانو مارٹنیز، جیوانی لو سیلسو، کرسٹیان رومیرو اور ایمیلیانو بینڈیا کے برازیل میں لازمی قرنطینہ قوانین کی خلاف وزری کے سبب کھیل روکوا دیا تھا۔
مزید پڑھیں: یوکرین تنازع: فیفا نے روس کو فٹبال ورلڈکپ سے باہر کردیا
جس کے بعد فیفا نے فروری میں دوبارہ کھیل کا حکم دیتے ہوئے چاروں کھلاڑیوں پر 2، 2 میچوں کے لیے پابندی لگادی تھی جبکہ جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔
دوسری جانب برازیل اور ارجنٹینا اس سال کے آخر میں قطر میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے پہلے ہی کوالیفائی کر چکے ہیں۔