وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے چینی ناظم الامور کی ملاقات
پاک چین دوستی دنیا میں پائیدار اور مسلسل تعلقات کی ایک لازوال مثال ہے، وزیرخارجہ
وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے چینی ناظم الامور پانگ چن شوئے کی ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے لئے پاکستان میں چین کی ناظم الامور پانگ چن شوئے کی دفتر خارجہ آمد ہوئی، اس موقع پر مہمان نے بلاول بھٹو کو وزارتِ خارجہ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور چین کی ناظم الامور پانگ چن شوئے کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاک چین دوستی دنیا میں پائیدار اور مسلسل تعلقات کی ایک لازوال مثال ہے، پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ خطے میں تجارتی عمل کو فروغ دے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کے تمام ممالک سے تجارتی تعلقات میں اضافے کا خواہاں ہے۔
بعد ازاں وزیر خارجہ سے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی اور عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مثالی ہیں، دونوں ممالک تعلقات کو اسی طرح جاری رکھیں گے'۔