بھارتی کھلاڑی چتیشور پجارا کا مشورہ محمد رضوان کے کام آگیا

پجارا کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے رضوان 79رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے

پاکستانی اور بھارتی کھلاڑی انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں سسیکس کی نمائندگی کر رہے۔ فوٹو : ٹویٹر

پاکستان اور بھارت کے اسٹار کرکٹرز انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں سسیکس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

سیزن کے ابتدائی میچز میں محمد رضوان کوئی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، دوسری جانب چتیشور پجارا رنز کے انبار لگا رہے تھے۔


ایک انٹرویو میں پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر نے بتایا کہ نیٹ پریکٹس کے دوران بھارتی اسٹار سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ جس قدر ممکن ہو سکے گیندوں کو اپنے جسم کے قریب سے کھیلو، ایشیائی کنڈیشنز میں کم سوئنگ کی وجہ سے زیادہ ہاتھ کھول سکتے ہیں مگر انگلینڈ میں یہ مناسب نہیں ہوتا، پجارا کے اس مشورے پر عمل کیا اور اگلے میچ میں 79 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوگیا۔

محمد رضوان نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصہ میں وائٹ بال کرکٹ زیادہ کھیلنے کی وجہ سے کنڈیشنز سے مطابقت پیدا کرنے میں تھوڑی دقت ہوئی مگر پجارا کے مشورے سے بہتری آگئی۔

یاد رہے کہ ڈرہم کے خلاف میچ میں دونوں بیٹرز نے مشکل صورتحال میں 154 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔
Load Next Story