بھارت سے میچ راشد کا قومی ٹیم کو جارحانہ انداز اپنانے کا مشورہ

اسٹروکس کا انتخاب انتہائی اہم ہے(یوسف) بیٹنگ چلی تو فتح دشوار نہ ہوگی، عبدالقادر

اسٹروکس کا انتخاب انتہائی اہم ہے(یوسف) بیٹنگ چلی تو فتح دشوار نہ ہوگی، عبدالقادر. فوٹو: فائل

راشد لطیف نے قومی ٹیم کو بھارت کخلاف جارحانہ انداز اپنانے کا مشورہ دیدیا، ان کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ ہارنے کے بعد فتح کے ساتھ ٹائٹل کی امیدیں برقرار رکھنے کا عزم لیے میدان میں اتریں گی، پاکستانی مڈل آرڈر کو ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔


سابق ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ برصغیر کی دونوں سپر پاورز کو سخت چیلنج کا سامنا ہے، ایک ایک میچ میں شکست کے بعد پاک بھارت ٹاکرا مزید اہمیت اختیار کرگیا، روایتی حریف کرو یا مرو کا ارادہ لیے میدان میںاتریں گے،ایونٹ میں بقا کی جنگ میں کھلاڑیوں کو دبائو قبول کیے بغیر جارحانہ انداز میں پرفارم کرنے کیلیے تیار رہنا ہوگا، تبدیلیاں ٹیم کے مفاد میں نہیں ہونگی لیکن بیٹنگ لائن کو بے دلی سے کھیلنے کے بجائے بھرپور قوت سے حریف کے ساتھ ٹکرانا ہوگا، مڈل آرڈر کا اچھا کھیل اور ایک دو اچھی شراکتیں بڑے ٹوٹل کی راہ ہموار کرنے کیلیے کافی ہونگی۔

سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان کی بولنگ لائن میں اتنا دم خم ہے کہ حریف کا دفاع پاش پاش کرسکے،بولرز اس اہم میچ میں ملک کیلیے کچھ کردکھانے کو بیتاب ہونگے،اچھی حکمت عملی سے کھلاڑیوں کے جوش اور جذبہ کو کار آمد بنایا جاسکتا ہے۔ محمد یوسف نے کہا کہ ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے کرکٹ کا فرق سمجھنا چاہیے، صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے اسٹروکس کا انتخاب انتہائی اہم ہوگا، ہماری بیٹنگ میں بڑا اسکور کرنے کی صلاحیت ہے لیکن غلط شاٹس کے سبب وکٹیں ہاتھ سے نکلتی اور ٹیم مشکلات کا شکار ہوتی رہی۔ عبدالقادر نے کہا کہ کسی حکمت عملی کے بغیر بیٹنگ کی وجہ سے سری لنکا کے ہاتھوں شکست ہوئی،افغانستان کے مقابل عمر اکمل کی اننگز نے لاج رکھی، بیٹنگ چل گئی تو بھارت کو زیر کرنا مشکل نہیں رہے گا۔
Load Next Story