وارنر نے جرمانے کا غصہ پروٹیز بولرز پر نکال دیا

کیپ ٹائون ٹیسٹ میں سنچری،آسٹریلوی ٹیم نے3 وکٹ پر 331 رنز اسکور کرلیے


AFP/Sports Desk March 02, 2014
کیپ ٹاؤن: آسٹریلوی بیٹسمین وارنر کا لیگ سائیڈ کی جانب شاٹ، پروٹیز کیخلاف انھوں نے سنچری بنائی۔ فوٹو: رائٹرز

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے ابتدائی روزآسٹریلوی بیٹسمین چھا گئے،ٹیم نے 3 وکٹ پر 331 رنز بنالیے، ڈیوڈ وارنر نے آئی سی سی کی جانب سے عائد شدہ جرمانے کا تمام تر غصہ پروٹیز بولرز پر نکالتے ہوئے سیریز میں دوسری سنچری جڑ دی، کپتان مائیکل کلارک 92 اور اسٹیون اسمتھ 50 رنز پر بیٹنگ کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نیولینڈز کی وکٹ کو دیکھتے ہوئے آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ شروع کی، اوپننگ جوڑی 65 رنز پر ٹوٹی جب ڈیل اسٹین کی گیند پر کرس روجرز فرسٹ سلپ میں گریم اسمتھ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، انھوں نے 25 رنز بنائے، ڈیوڈ وارنر نے الیکس ڈولان کے ساتھ اسکور کو 138 پر پہنچایا، اس موقع پر ڈولان (20) بھی ہمت ہارگئے، وہ فلینڈر کی گیند پر اسٹین کا کیچ بنے، ڈیوڈ وارنر نے ڈومنی کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہونے سے قبل152 بالز پر 135 رنز بنائے۔

یہ ان کی سیریز میں دوسری جبکہ مجموعی طور پر ساتویں ٹیسٹ سنچری ہے، ملک سے باہر بھی یہ ان کی دوسری ہی تھری فیگر اننگزثابت ہوئی، اب تک وہ تین میچز کی اس سیریز میں 398 رنز بناچکے،کسی بھی آسٹریلوی اوپنر کا جنوبی افریقہ کی انٹرنیشنل کرکٹ میں آمد کے بعد ایک سیریز میں سب سے بڑا ٹوٹل 429 ہے جو میتھیو ہیڈن نے 2001-02 میں بنایا تھا جبکہ فل ہیوز 2008-09 میں 415 رنز بناچکے ہیں، اس طرح وارنر اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ جب پہلے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو آسٹریلیا نے تین وکٹ پر 331 رنز بنالیے تھے، مائیکل کلارک 92 اور اسٹیون اسمتھ 50 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں