مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت 640 روپے تک پہنچ گئی
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دکانداروں نے برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں من مانا اضافہ کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان میں برائلرمرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافہ برقرار ہے جبکہ انتظامیہ بھی سرکاری نرخوں پر اشیا کی فروخت اور بڑھتی قیمتوں کو کنٹرول میں مکمل ناکام نظر آرہی ہے۔
کوئٹہ شہر میں برائلر مرغی کا گوشت مختلف قیمتوں پر فروخت کیا جارہا ہے، کچھ دکاندار فی کلو گوشت 640 جبکہ کچھ اپنی مرضی سے 620 اور 610 روپے میں فروخت کررہے ہیں۔
برائلر مرغی کی قیمت بڑھنے سے صارفین پریشان ہیں اور انہوں نے انتظامیہ سے قیمتیں کنٹرول کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہیں پیچھے سے مال مہنگا مل رہا ہے جس کی وجہ سے وہ بھی مہنگے داموں گوشت فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔