آئی او سی پاکستان کو ایک اور لائف لائن دینے پر تیار

کوئی بھی سنگین قدم اٹھانے سے پہلے رواں یا اگلے ماہ حکومت کے ساتھ ٹیلی کانفرنس ہوگی


Sports Reporter March 02, 2014
کوئی بھی سنگین قدم اٹھانے سے پہلے رواں یا اگلے ماہ حکومت کے ساتھ ٹیلی کانفرنس ہوگی، معاملے کا قابل عمل حل نکل آئے گا،عارف حسن کو یقین۔ فوٹو: فائل

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی پاکستان کو ایک اور لائف لائن دینے پر تیار ہو گئی،کوئی بھی سنگین قدم اٹھانے سے پہلے معاملات بہتر کرنے کا موقع دیا جائے گا۔

پی او اے کے صدر جنرل(ر) سید عارف حسن کے مطابق انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی رواں یا اگلے ماہ حکومت پاکستان کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کرے گی، امید ہے آئندہ ایگزیکٹیو بورڈ میں معاملے کا قابل عمل حل نکل آئے گا۔ میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہاکہ پاکستان میں اولمپک موومنٹ کی صورتحال کے حوالے سے آئی او سی کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، مارچ کے آخر یا اپریل کے آغاز میں آئی او سی ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس کویت میں ہوگا جس میں اس معاملے پر دوبارہ غور کیا جائے گا۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین گیمز میں شرکت کیلیے تاحال پی او اے سے کوئی رابطہ نہیں کیا، جب تک فیڈریشن تحریری رضا مندی ظاہر نہیں کرتی قومی ہاکی ٹیم کی ایشین گیمز میں شرکت ممکن نہیں ہوگی۔

سید عارف حسن نے کہاکہ ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلیے وسائل اور انفراسٹرکچر فراہم کرنا بیحد ضروری ہے اوراس سلسلے میں حکومت کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ایک سوال پر صدر پی او اے نے کہا کہ کوئی بھی سسٹم ٹیم کے تعاون کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتا،مجھے خوشی ہے کہ پاکستان میں اولمپک موومنٹ سے وابستہ لوگ متحد اور ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے پُرعزم ہیں، ان کے تعاون سے اب تک ہم نے ہر طرح کے حالات کا مقابلہ اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ دریں اثنا پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے چین میں شیڈول یوتھ اولمپک گیمز 2014ء کی نامزد ایمبسیڈر تیراک ماہ نور مقصد کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عارف حسن تھے، اس موقع پر سیکریٹری خالد محمود سمیت فیڈریشنوں کے عہدیداروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

مقامی ہوٹل میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید عارف حسن نے کہا کہ آئی او سی نے پوری دنیا سے 100 ینگ ایمبسیڈرز کا انتخاب کیا جس میں پاکستان کی ماہ نور مقصود بھی شامل ہیں، یہ پورے ملک کیلیے اعزاز کی بات ہے۔ انھوں نے کہا کہ یوتھ اولمپکس میں ماہ نور مقصود کی موجودگی نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں کیلیے مدد گار ثابت ہوگی بلکہ اس سے ملکی عزت اور وقار میں بھی اضافہ ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ نوجوان اولمپک اقدار کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں،مجھے امید ہے کہ ماہ نور مقصود اپنے رویے اور کام سے یوتھ اولمپکس میں پاکستان کا نام روشن کریں گی۔ اس موقع پر ماہ نور مقصود نے کہاکہ ہماری خواتین اپنی معاشرتی اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے بھی دنیا میں ملک کا نام روشن کرسکتی ہیں، یوتھ اولمپکس کیلیے میرا انتخاب سخت مراحل سے گزرنے کے بعد ہوا، میں اپنی کامیابی کا کریڈٹ پاکستان سوئمنگ فیڈریشن اوراولمپک ایسوسی ایشن کو دیتی ہوں، ان کی رہنمائی کے باعث یہ سب ممکن ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں