ملک میں شدید گرمی اور بدترین لوڈ شیڈنگ سے معمولات زندگی متاثر

کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک May 12, 2022
کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے، محکمہ موسمیات ۔ فوٹو:فائل

محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں مزید گرمی کی پیشگوئی کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک بھر میں شدید گرمی اور بدترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام پریشان اور معمولات زندگی متاثر ہیں، لیکن اب محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک مزید گرمی کی پیشگوئی کردی ہے، اور کہا ہے کہ ملک کے بیشترعلاقوں میں آج موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقے شدید گرمی کے زیراثررہیں گے، آئندہ تین سے چار روز تک بارش کا امکان نہیں گرمی کی شدت میں آضافہ ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی لہر کے باعث پنجاب، اسلام آباد،خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کا درجہ حرارت 07 سے09 رہنے کا امکان ہے، سندھ اور بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت 06 سے08 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے ز یادہ رہنے کا امکان ہے، سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، سبی 46 ڈگری اور لاہور اور گوجرانوالہ 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے ہیٹ ویو کے حوالے سے ایک اور الرٹ جاری کرتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ وسطی اور بالائی سندھ میں شدید گرمی کی لہر آج سے کراچی کے علاوہ زیریں سندھ کو لپیٹ میں لے گی، اور یہ گرمی کی لہر 16 مئی تک برقرار رہ سکتی ہے، اس دوران جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، خیرپور، گھوٹکی، نوشہرو فیروز اور بے نظیر آباد کے اضلاع میں دن کے وقت پارہ 47 سے 49 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے، جب کہ گرمی کی لہر زیریں سندھ جیسے حیدرآباد، میرپور خاص اور عمر کوٹ کے اضلاع کو بھی لپیٹ میں لے سکتی ہے، ان اضلاع کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 سے 45 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 13 اور 14 مئی کے دوران کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے، عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ گرمی کی لہر کے دوران دن 11 بجے سے 4 بجے تک باہر نکلنے سے گریز کریں، عوام گرمی کی لہر سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خطہ پوٹھوہار اور بالائی پنجاب میں جھکڑ اور آندھی کے ساتھ ہلکی بارش بھی متوقع ہے، ملک کے وسطی اور جنوبی میدانی اضلاع میں گردآلود ہوائیں اور جھکڑچلنے کا امکان ہے جب کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں