اتحادی جماعتوں کی حمایت سے ملک کو بحرانوں سے نکالیں گےرانا ثناء اللہ

عمران خان پوری قوم کو تقسیم اور نوجوانوں کو گمراہ کررہا ہے، وفاقی وزیر داخلہ


ویب ڈیسک May 12, 2022
(فوٹو: اے پی پی)

DUBAI: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی اور آئینی بحرانوں سے نکالنے کے لئے تمام فیصلوں کا اعلان اتحادی جماعتوں کی حمایت اور تائید سے کیا جائے گا۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4 سالوں کے دوران ملک بیڑا غرق کیا گیا اس حوالے سے حکومت کو لیڈر شپ سے جو پالیسی لائن درکار تھی اس پر تفصیلی بات ہوئی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا اہم اجلاس لندن میں ہوا، جس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر برائے ترقی، منصوبہ بندی و اصلاحات احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل و دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملک اور عوام کو بحران سے نکالنے کے لئے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزراء احسن اقبال، مریم اورنگزیب اور رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملک کو معاشی اور آئینی بحرانوں سے نکالنے کے لئے تمام فیصلوں کا اعلان اتحادی جماعتوں کی حمایت اور تائید سے کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: جیل جانے اور جان کی قربانی دینے کو تیار ہوں لیکن امریکی غلامی قبول نہیں ہے، عمران خان

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان نے ملکی معیشت اور سیاسی اقدار کو تباہ کیا، عمران خان پوری قوم کو تقسیم اور نوجوانوں کو گمراہ کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بطور پارٹی قائد ہمیں سوچ دی اور ہمیشہ ہماری رہنمائی کی۔

انہوں کہا کہ تمام حکومتی اتحادی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے ذریعے آئندہ کا لائحہ عمل طے اور فیصلے کئے جائیں گے، نواز شریف نے واضح کیا ہے کہ آئین شکنوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے، عمران خان نے ملکی سیاست میں بدتمیزی کے کلچر کو فروغ دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ معیشت ہی نہیں جھوٹ کی سیاست کو بھی ٹھیک کریں گے، پی ٹی آئی لانگ مارچ سے متعلق فیصلہ اتحادی کابینہ کرے گی۔ عمران خان قوم کے نوجوانوں کو گمراہ کررہے ہیں، نوازشریف نے واضح کیا ہے کہ آئین شکنوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے بطور پارٹی لیڈر جو وژن دیا ہے اس پر دیگر اتحادیوں کے ساتھ مل کر عملدرآمد کریں گے، عمران خان کو ملک میں بدتمیزی، افراتفری اور انارکی پھیلانے کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر منصو بہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان ملک میں خانہ جنگی کی صورتحال پیدا کرنا چاہتا ہے، عمران خان ملکی اداروں کے خلاف منظم مہم چلارہا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی فوج کا سربراہ ایسا شخص ہونا چاہیے جو ہر قسم کے داغ سے پاک ہو، مریم نواز

انہوں نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے،تمام فیصلے اتحادیوں کے ساتھ مشاورت سے کرنا چاہتے ہیں، لندن میں پکڑے جانے والے ایک کروڑ 90 لاکھ پاؤنڈ کا بڑا حصہ پاکستان کو مل چکا۔

دوسری جانب وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان بتائیں کہ وہ رقم کس کے اکاونٹ میں منتقل کی گئی، فرح گوگی کو پیسوں کے عوض پنجاب بھر میں بھرتیوں کی اتھارٹی کس قانون کے تحت دی گئی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا فرح گوگی یہ رقم کسی کے ساتھ شیئر کرتی تھیں یا خود رکھتی تھیں؟۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں